نئی دہلی: راہول گاندھی یوپی میں جاری بھارت جوڑو نیائے یاترا کو درمیان میں چھوڑ کر اپنے حلقہ انتخاب وائناڈ چلے گئے جہاں 5 سے 6 افراد کی ہاتھیوں کے حملے میں موت ہو گئی ہے۔ ان کے ساتھ کانگریس کے جنرل سکریٹری (انتظامی امور) کے سی وینوگوپال بھی موجود ہیں۔ وائناڈ میں راہول گاندھی نے جنگلی ہاتھیوں کے حالیہ حملے میں ہلاک ہونے والوں کے ارکان حاندان سے ملاقات کی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ محکمہ جنگلات کے ملازم وی پی پال کے گھر جاکر ان کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی۔ اس کے علاوہ راہول گاندھی ’اجی‘ کے گھر بھی گئے جنہیں ریڈیو کالر پہنے ہاتھی نے کچل کر ہلاک کر دیا تھا۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے راہول نے مہلوکین کے ورثاء کو ملنے والے معاوضے میں تاخیر پر سوال اٹھائے۔ کیرالہ، تمل ناڈو اور کرناٹک کے درمیان بین الریاستی تنازعہ کا مسئلہ بھی ہے۔
ہم تال میل کو بہتر بنانے کی کوشش میں اپنا کردار ادا کریں گے لیکن جہاں تک مسئلے کے حل کا تعلق ہے، یہ ضروری ہے کہ تینوں ریاستیں ایک دوسرے کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کریں۔ اس کے ساتھ ہی راہول گاندھی نے یہ بھی کہا کہ زخمیوں کا خرچہ حکومت کو برداشت کرنا چاہیے۔
