افریقی ملک یوگنڈا میں ایک ہاتھی نے حملہ کر کے سعودی سیاح کو موت کی نیند سلا دیا۔ یہ واقعہ ملک کے شمال مغرب میں واقع زوپارک میں پیش آیا۔ مذکورہ سعودی سیاح ایمن سید الشاہانی اپنے تین دوستوں کے ہمراہ دیگر سیاحوں کے ساتھ سفاری ٹور کی وین میں سوار تھا۔ راستے میں ایک مقام پر چند منٹ آرام کے لیے گاڑی کو روکا گیا تو ایمن اور اس کے تینوں دوست وہاں نیچے اتر گئے۔مذکورہ پارک کے نگراں نوامانیا ایڈسن کے مطابق ایمن کو اس مقام پر ایک ہاتھی اور اس کے ساتھ ایک اور شیر خوار ہاتھی نظر آیا۔ ایمن ان کی تصویر لینے کے لیے اپنے دوستوں سے دور چلا گیا اور اسی لمحے ہاتھی نے ایمن پر حملہ کر کے اس کی زندگی کا خاتمہ کر دیا۔