ہاتھ بدلے گا حیدرآباد کی تقدیر ، محمد ولی اللہ سمیرکا نعرہ

   

مجلس اور بی جے پی کی تفرقہ بازی ، تنگ نظری سے پرانا شہر پسماندگی کا شکار ، کانگریس اجلاس سے خطاب
حیدرآباد ۔ یکم ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : حیدرآباد کانگریس کمیٹی کے صدر و کانگریس امیدوار حلقہ لوک سبھا حیدرآباد محمد ولی اللہ سمیر نے کہا کہ مجلس اور بی جے پی کی نفرت انگیز ، تفرقہ سیاست اور تنگ نظری کی وجہ سے حیدرآباد کا پرانا شہر پسماندگی کا شکار ہوگیا ۔ عوام کو بنیادی سہولتوں سے محروم رکھا جارہا ہے جو پرانے شہر کے عوام کے ساتھ نا انصافی اور زیادتی ہے ۔ محمد سمیر ولی اللہ نے آج حلقہ لوک سبھا حیدرآباد کے حدود میں شامل 7 اسمبلی حلقوں کے پارٹی قائدین اور سرگرم کارکنوں کا ہنگامی اجلاس طلب کرتے ہوئے اگلے مرحلے کی انتخابی حکمت عملی تیار کی ۔ کانگریس قائدین سے انتخابی مہم چلانے ، گھر گھر پہونچکر عوام سے ملاقات کرنے ، کارنر میٹنگس ، موٹر ریالیاں اور جلسہ عام منعقد کرنے کے بارے میں تجاویز طلب کیا ۔ محمد ولی اللہ سمیر نے کہا کہ حلقہ لوک سبھا حیدرآباد کے عوام کو اندازہ ہوگیا ہے کہ مجلس اور بی جے پی اپنے اپنے ذاتی اور سیاسی فائدے کے لیے ان کے جذبات سے کھلواڑ کرتے ہوئے پرانے شہر کی ترقی اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو نظر انداز کررہے ہیں ۔ عوام دونوں جماعتوں کی بیان بازی تفرقہ سیاست کی زنجیروں سے آزاد ہونا چاہتے ہیں اور متبادل کے طور پر کانگریس کو دیکھ رہے ہیں ۔ حیدرآباد پر 40 سال سے مجلس کا قبضہ ہے ۔ مجلس کے قائدین پرانے شہر میں بی جے پی کا ڈر و خوف دیکھاتے ہوئے ووٹ حاصل کررہے ہیں ۔ مگر کامیابی کے بعد اپنی ذمہ داری نبھانے ، پرانے شہر میں تعلیم کا جال بچھانے ، شرح پسماندگی کو گھٹانے ، روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں پوری طرح ناکام ہوگئی ۔ اب ریاست میں کانگریس کی حکومت قائم ہوگئی ۔ ہاتھ بدلے گا حیدرآباد کی تقدیر نعرے کے ساتھ وہ عوام کے درمیان پہونچ رہے ہیں اور عوام کی جانب سے انہیں زبردست ردعمل حاصل ہورہا ہے ۔ صدر مجلس و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد اسد الدین اویسی خود کو ہندوستانی مسلمانوں کی واحد آواز کے طور پر پیش کرتے ہیں ۔ اپنی تفرقہ انگیز بیان بازی کے ذریعہ مسلمانوں کو نقصان پہونچا رہے ہیں ۔ ان کے بیانات نادانستہ طور پر بی جے پی اور سنگھ پریوار کو ملک بھر میں تقویت پہونچا رہے ہیں ۔ مجلس کی وجہ سے ملک میں فرقہ پرستی کو کامیابی مل رہی ہے ۔ محمد ولی اللہ سمیر نے کہا کہ حیدرآباد کو سیاحتی مرکز میں تبدیل کرنے کے تمام مواقع دستیاب ہیں ۔ چارمینار سے قطب شاہی مقبروں تک حیدرآباد کے ورثے کا ہر ایک پتھر خود غرض سیاست دانوں کی نظر اندازی کی داستان بیان کرتا ہے ۔ مجلس اور بی جے پی کو سبق سکھانے کا وقت آگیا ہے ۔ عوام گھروں سے نکلیں اور کانگریس کو ووٹ دیتے ہوئے مجلس اور بی جے پی کو سبق سکھائیں ۔۔ 2