بیسٹیرے۔ ہندوستانی آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا نے کہا کہ انہیں زخموں سے صحتیاب ہونے کے بعد دوبارہ بولنگ شروع کرنے کے لیے کچھ وقت لگا ہے لیکن اب وہ آسٹریلیا میں منعقد ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ میں تیسرے فاسٹ بولرکا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔ہاردک نے کہا میں نے ہمیشہ سے ہی بولنگ کا بھرپور لطف اٹھایا ہے۔ میں نے ماضی میں کئی بارکہا ہے کہ مجھے بولنگ میں واپس آنے کے لیے کچھ وقت درکار ہے۔ جب میں بولنگ کرتا ہوں تو اس سے ٹیم کو توازن اور کپتان کو اعتماد ملتا ہے۔ انہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف تیسرے ٹی20 انٹرنیشنل میں چار اوورز میں 19 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔ ہندوستان نے یہ میچ سات وکٹوں سے جیت کر پانچ میچوں کی سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کر لی۔انہوں نے میچ کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس دوران مجھے فلر کے طور پر استعمال کیا گیا لیکن اب میں کہہ سکتا ہوں کہ میں ٹیم کے تیسرے یا چوتھے فاسٹ بولر کے طور پر پورے چار اوورزکر سکتا ہوں۔ جس طرح میں بیٹنگ میں حصہ ادا کرتا ہوں، میں بولنگ میں بھی اپنا حصہ ادا کرسکتا ہوں۔ ہاردک نے کہا زندگی نے مجھے جو کچھ دیا اس کے لیے میں شکرگزار ہوں۔ اگر آپ ایمانداری سے محنت کرتے ہیں تو زندگی کے اتار چڑھاؤ کے باوجود آپ کو اس کا فائدہ ملتا ہے۔ ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان چوتھا ٹی ٹوئنٹی میچ لاڈر ہل، فلوریڈا میں کھیلا جائے گا۔