مودی ڈکٹیٹر، راہول گاندھی دیانت دار قائد، پاٹیدار لیڈر کا ریالی سے خطاب
احمدآباد 12 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) گجرات میں پاٹیدار کوٹہ ایجی ٹیشن کے لیڈر ہاردک پٹیل نے کانگریس کے صدر راہول گاندھی اور یو پی اے کی صدرنشین سونیا گاندھی کی موجودگی میں کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔ پٹیل نے لوک سبھا انتخابات سے قبل سرگرم سیاست میں داخلہ کے لئے اپنے فیصلہ کو حق بجانب قرار دیا اور کہاکہ اب وہ بہتر انداز میں ریاست کے چھ کروڑ عوام کے لئے کام کرسکیں گے۔ ضلع گاندھی نگر میں ادالج گاؤں کے قریب کانگریس کی ریلی میں اس پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کے بعد ہاردک پٹیل نے ریلی کے شرکاء سے سوال کیاکہ آیا اُنھوں نے صحیح فیصلہ کیا ہے جس پر شرکاء نے اثبات میں جواب دیا۔ وزیراعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے پٹیل نے کہاکہ پلوامہ دہشت گرد حملے کے بعد کانگریس نے جب یہاں 28 فروری کو منعقدہ ریلی ملتوی کردی تھی لیکن وزیراعظم مودی اُس وقت بھی ملک بھر میں ریلیوں سے خطاب میں مصروف تھے۔ 25 سالہ ہاردک پٹیل نے راہول گاندھی کی ستائش کرتے ہوئے اُنھیں دیانت دار قرار دیا۔ کانگریس میں خاندانی سیاست کے بارے میں وزیراعظم نریندر مودی کے الزام پر ہاردک پٹیل نے جواب دیا کہ اگر کسی سیاستداں کا بیٹا عوام کی خدمت کے لئے اس میدان میں داخل ہونا چاہتا ہے تو اس میں کوئی غلطی نہیں ہے۔
اُنھوں نے کانگریس کے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ آئندہ ماہ ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کو شکست دیں۔