نئی دہلی ۔29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) زخمی سے واپسی کیلئے جدوجہد کرر ہے ہندوستانی آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 اور ونڈے سیریزکیلئے ٹیم میں جگہ نہیں بنا پائے، جس کے بعد امید کی جارہی تھی کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹسٹ سیریز کیلئے ہاردک پانڈیا کی ٹیم میں واپسی ہوسکتی ہے۔ بی سی سی آئی صدر سوروگنگولی کے بیان نے اشارہ دیا ہے کہ ہاردک پانڈیا کے مداحوں کو ابھی ان کی واپسی کا انتظار کرنا پڑے گا۔ آئی پی ایل گورننگ کونسل کے اجلاس کے بعد بات کرتے ہوئے بی سی سی آئی صدرنے ہاردک پانڈیا کی واپسی پر کھل کربات کی۔ گنگولی نے انکشاف کیا کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ابھی بھی آل راؤنڈر پانڈیا کا علاج چل رہا ہے اور اس کی بھی نہ کے برابر ہی امید ہے کہ وہ رانجی ٹرافی بھی کھیل پائیں گے۔ ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان فی الحال پانچ میچوں کی ٹی 20 سیریز چل رہی ہے، جس میں ہندوستانی ٹیم کامیابی حاصل کرلی ہے۔ اس کے بعد ہندوستان کو تین ونڈے میچوں کی سیریز کھیلنی ہے۔ پھردو ٹسٹ میچوں کی سیریز میں میزبان کو چیلنج دینے کیلئے میدان پر اترنا ہے۔ ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹسٹ سیریز سے پہلے گنگولی نے ہاردک پانڈیا کی چوٹ کی سنجیدگی پر انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ابھی تک پوری طرح سے فٹ نہیں ہیں۔ این سی اے میں وہ علاج کروا رہے ہیں۔ فٹ ہونے میں انہیں ابھی تھوڑا اور وقت لگے گا۔ پانڈیا نے ہندوستان کے لئے آخری میچ جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلا تھا۔ 26 سال کے پانڈیا کوکیوی ٹیم کے خلاف ٹی 20 سیریز میں بھی ٹیم سے باہر رکھا گیا ۔ پانڈیا کو ہندوستان اے ٹیم میں بھی شامل کیا گیا تھا جو نیوزی لینڈ دورے پر ہے مگر اس وقت وہ میچ کھیلنے کو پوری طرح سے تیار نہیں تھے جس کی وجہ سے انہوں نے اپنا نام واپس لے لیا تھا، حالانکہ اس ماہ کے آغاز میں انہیں آسٹریلیا کے خلاف ممبئی ونڈے سے پہلے ٹیم کے پریکٹس سیشن کے دوران بولنگ کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔
