ہاردک کے بولنگ کرنے کا امکان

   

دبئی۔31 اکتوبرکو آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ سوپر12 مقابلے میں نیوزی لینڈ کے خلاف کرو یا مروکے ٹکراؤ سے پہلے ہندوستان کے لئے حوصلہ افزا خبر ہے۔ آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا بولنگ میں واپس آسکتے ہیں۔ کین ولیمسن کی زیرقیادت ٹیم کے خلاف بولنگ کے فرائض انجام دینے کے لئے انہوں نے جمعہ کی صبح نیٹ میں اپنا بازوگھمایا ہے اور بولنگ کی ہے ۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ہندوستان کے نیٹ سیشن کی ایک مختصر ویڈیو پوسٹ کی جس میں 28 سالہ پانڈیا بولنگ کرتے ہوئے دیکھا گیا۔2018 میں ان کی کمرکی سرجری کے بعد سے پانڈیا کی بولنگ نہیں کررہے ہیں ۔ درحقیقت دبئی لیگ میں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے دوران وہ صرف ایک بیٹرکے طور پر کھیلے ہیں۔جولائی میں ہندوستان کے سری لنکا کے دورے کے دوران ان کی بولنگ کے کام کا بوجھ مسلسل بڑھتا گیا، جہاں انہوں نے تین ونڈے اور ایک ٹی 20 میں 16 اوورز ڈالے تھے۔انہوں نے دبئی میں انڈین پریمیئر لیگ سیزن کے دوسرے مرحلے میں ممبئی انڈینز کے لیے بالکل بھی بولنگ نہیں کی۔ اس کے علاوہ پانڈیا نے پاکستان کے خلاف ٹورنمنٹ کے افتتاحی مقابلے میں بھی بولنگ نہیں کی تھی جس میں قومی ٹیم کو 10 وکٹوں کی شکست ہوئی تھی ۔