احمد آباد، 20 ڈسمبر (یو این آئی) ہندوستانی آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا نے جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے پانچویں اور آخری بین الاقوامی ٹی 20 میچ کے دوران اپنے چھکے سے زخمی ہونے والے کیمرہ مین سے معافی مانگی اور ان کا حال پوچھا۔ گزشتہ شب اس مقابلے میں پانڈیا کی جارحانہ بلے بازی نے میچ میں جان ڈال دی تھی۔ انہوں نے اپنے خاص انداز میں کھیلتے ہوئے گیند بازی کے پرخچے اڑا دئیے۔ ہاردک کی بیٹنگ کے دوران ایک گیند کیمرہ مین کے ہاتھ پر جالگی جس سے کیمرہ مین کو شدید چوٹ آئی۔بی سی سی آئی کی جانب سے شیئر کئے گئے ایک ویڈیو میں کیمرہ مین نے کہا کہ وہ ٹھیک ہے۔ فوری طبی مدد کے بعد کیمرہ مین نے اپنا کام جاری رکھا۔ اس نے کہا کہ اگر گیند اسے کہیں اور لگتی تو صورتحال اور بھی سنگین ہو سکتی تھی۔ میچ ختم ہونے کے فوراً بعد ہاردک سیدھے کیمرہ مین کے پاس پہنچے اور حال دریافت کیا۔
