احمد آباد ۔ /10 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاٹیدار کوٹہ ایجی ٹیشن لیڈر ہاردک پٹیل نے آج کہا کہ وہ صدر کانگریس راہول گاندھی کی موجودگی میں /12 مارچ کو کانگریس میں شامل ہوجائیں گے ۔ کانگریس اسی دن اپنی ورکنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد کررہی ہے ۔ اس کے بعد دن میں گاندھی نگر میں ایک جلسہ عام منعقد کرے گی ۔ تاہم ہاردیک پٹیل کا منصوبہ ہے کہ وہ لوک سبھا انتخابات میں حصہ لیں ۔ انہیں 2015 ء کے احتجاج کے دوران تشدد کے سلسلے میں 2 سال کی سزاء ہوئی ہے ۔ اس کے تحت وہ انتخابات میں مقابلہ نہیں کرسکیں گے ۔ ملک اور قوم کی خدمت کرنے کے لئے انہوں نے کانگریس میں شمولیت کا اعلان کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی سیاست میں حصہ لینے سے مجھے کوئی بھی قانونی رکاوٹ نہیں ہے ۔ تاہم وہ پارٹی کے فیصلے کا احترام کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ میں ہندوستان کے 125 کروڑ شہریوں کی خدمت کیلئے سرگرم سیاست میں داخل ہونا چاہتا ہوں ۔
