ہارورڈ یونیورسٹی میں ریونت ریڈی کے لیڈرشپ کورس کی تکمیل

   

سرٹیفکٹ کی اجرائی ، امریکہ سے کل واپسی کا امکان
حیدرآباد ۔30 ۔ جنوری (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ہارورڈ یونیورسٹی کے کینیڈی اسکول میں دیگر 62 طلبہ کے ساتھ اگزیکیٹیو ایجوکیشن پروگرام مکمل کرلیا۔ یہ پروگرام 21 ویں صدی میں قیادت کے عنوان سے منعقد کیا گیا جس کے تحت روزانہ صبح 7 بجے سے شام 6 بجے تک کلاسس جاری رہیں۔ یونیورسٹی کے علاقہ میں درجہ حرارت منفی 15 ڈگری تا منفی 24 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا اور اس سرد ماحول میں لیڈرشپ پروگرام کی تکمیل کی گئی۔ پروگرام کی کامیاب تکمیل پر فیکلٹی کی جانب سے طلبہ میں سرٹیفکٹس تقسیم کئے گئے۔ 20 ممالک کے طلبہ نے لیڈرشپ پروگرام میں شرکت کی جس کے تحت ماہرین نے قائدانہ صلاحیتوں اور عوام کی خدمت جیسے امور پر کلاسس کا اہتمام کیا ۔ لیڈرشپ پروگرام میں چیف منسٹر نے ایک عام طالب علم کی طرح شرکت کی اور مقررہ اسائنمنٹس اور ہوم ورک کی تکمیل کی ۔ 5 روزہ پروگرام کے دوران چیف منسٹر نے ماہرین سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ 25 تا 30 جنوری یہ پروگرام منعقد کیا گیا ۔ پانچ روزہ کورس کے اختتام پر چیف منسٹر نے سوشیل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کورس کی تکمیل پر مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے لکھا کہ میں نے کامیابی کے ساتھ اگزیکیٹیو ایجوکیشن پروگرام کی تکمیل کی ہے۔ 20 ممالک کی 60 طلبہ کے لئے ماہر ٹیچرس اور فیکلٹی نے غیر معمولی ٹیچر کا اہتمام کیا ۔ چیف منسٹر نے لکھا کہ کورس کے دوران ان کئی کامیاب شخصیتوں کے ساتھ ملاقات ہوئی جو ہارورڈ یونیورسٹی کے مختلف اسکولوں میں زیر تعلیم ہیں۔ چیف منسٹر نے ہندوستانی طلبہ کے ساتھ ایک نشست کا اہتمام کیا اور یونیورسٹی کیمپس کا دورہ کیا۔ ریونت ریڈی یکم فروری کو حیدرآباد واپس ہوں گے۔1