این او سی کی اجرائی مسدود، عوام تحدیدات کی پابندی کریں
حیدرآباد۔ 26 مارچ (سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ تلنگانہ میں لاک ڈائون مکمل اور پرامن طور پر جاری ہے۔ چیف منسٹر کے چندرا شیکھر رائو کی ہدایات کے مطابق عوام رضاکارانہ طور پر لاک ڈائون میں حصہ لے رہے ہیں۔ وزیر داخلہ نے آج ہائی ٹیک سٹی اور دیگر علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے سائبر آباد پولیس اسٹیشن حدود میں لاک ڈائون کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے محمود علی نے کہا کہ ہاسٹلس میں موجود طلبہ کو تخلیہ کی ضرورت نہیں ہے اور وہ اپنے مکانات کو جانے کے بجائے ہاسٹلس میں برقرار رہیں۔ انہوں نے کہا کہ این او سی کی اجرائی مکمل طور پر روک دی گئی ہے۔ ہاسٹل مالکین اور انتظامیہ کو حکومت کی جانب سے ہر ممکن مدد دی جائے گی۔ محمود علی نے کہا کہ ہاسٹل انتظامیہ کی جانب سے قواعد کی کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے گی۔ کرناٹک کے چیف منسٹر نے کل اگادی کے موقع پر طلبہ سے اپیل کی تھی کہ وہ ہاسٹلس سے مکانات منتقل ہوجائیں۔ اس کے بعد تلنگانہ میں موجود طلبہ این او سی کے حصول کے لیے پولیس سے رجوع ہوئے۔ بعض طلبہ کو این او سی جاری کیا گیا ہے لیکن بعد میں اجرائی کا کام روک دیا گیا۔ لاک ڈائون کے دوران زائد قیمتوں پر ضروری اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو چاہئے کہ وہ پولیس سے مکمل تعاون کریں اور پابندیوں کے مطابق خود کو مکانات میں بند رکھیں۔ کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لیے حکومت نے تحدیدات عائد کی ہیں۔ تحدیدات کا مقصد عوام کو مشکلات سے دوچار کرنا نہیں بلکہ سماج کو وائرس کے اثر سے بچانا ہے۔