ہاسٹلس کھولنے کا مطالبہ۔ کاکتیہ یونیورسٹی کے طلبہ کا احتجاج

   

حیدرآباد۔یونیورسٹیوں کے ہاسٹلس بند کرنے تلنگانہ حکومت کے فیصلہ کے خلاف ورنگل ضلع کی کاکتیہ یونیورسٹی کے طلبہ نے احتجاج کیا۔ان طلبہ نے حکومت کے اس فیصلہ کے خلاف ناراضگی کا اظہار کیا اور حکومت کا پتلا نذر آتش کیا۔یہ احتجاج یونیورسٹی کے گیٹ نمبر ون کے قریب طلبہ تنظیموں کی جانب سے کیاگیا جس کے نتیجہ میں کچھ دیر کیلئے کشیدگی پھیل گئی۔ان طلبہ نے اس موقع پر الزام لگایا کہ طلبہ کو تعلیم سے دور کرنے کے لئے ہی ہاسٹلس بند کرنے کا ریاستی حکومت نے فیصلہ کیا ہے جو ان کے مفاد میں نامناسب ہے ۔طلبہ نے حکومت اور وزیراعلی کے چندرشیکھرراو کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔اس موقع پر ان طلبہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے الزام لگایا کہ یونیورسٹی کے حکام نے ہاسٹلس کھولنے کا قدم نہیں اٹھایا۔ان کو طلبہ کے تعلیمی مفاد سے کوئی سروکار نہیں ہے ۔انہوں نے کہاکہ ایم ایل سی انتخابات کے موقع پر ان سے یقین دہانی کی گئی تھی۔اس یقین دہانی اور پھر ووٹ لینے کے باوجود بھی ہاسٹلس کھولنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیاگیا۔