عصری سہولتوں کی فراہمی پر اولین ترجیح دیں ، وزیر صحت ایٹالہ راجندر
حیدرآباد :۔ ریاستی وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے ریاست بھر میں زیر التواء ہاسپٹلس کی عمارتوں کو جنگی خطوط پر کام شروع کرتے ہوئے تعمیری کاموں کو مکمل کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ ریاستی وزیر صحت نے محکمہ صحت کے اعلیٰ عہدیداروں کا اجلاس طلب کرتے ہوئے مختلف امور کا جائزہ لیا جس میں ریاست کے مختلف مقامات پر زیر تعمیر سرکاری ہاسپٹلس کی پیشرفت کا جائزہ لیا ۔ عمارتوں کی تعمیرات پر تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عہدیداروں سے تعمیرات میں ہونے والی تاخیر پر وضاحت طلب کی اور انہیں ہدایت دی کہ فوری تعمیرات کے کاموں میں تیزی پیدا کی جائے ۔ تمام زیر تعمیر عمارتوں میں مکمل سہولتوں کی فراہمی پر خاص توجہ دینے کے احکامات جاری کئے ۔ بالخصوص آکسیجن پائیپ لائن ، فائیر سیفٹی ، لفٹ ، ٹرانسفارمرس جیسی سہولتوں کو ٹنڈرس میں شامل کرنے پر زور دیا ۔ طبی آلات ، ادویات عمارتوں کی تعمیرات سے متعلق زیر التواء بلز کی تفصیلات پر مبنی ایک رپورٹ انہیں فوری پیش کرنے کی ہدایت دی ۔ ریاستی وزیر صحت نے ٹیچنگ ، ویدیا ودھنا پریشد ، پرائمری ہیلت سنٹرس کو اپ گریڈ کرتے ہوئے مکمل ہاسپٹلس میں تبدیل کرتے ہوئے عوام کو دستیاب رکھنے کی بھی ہدایت دی اور کہا کہ تلنگانہ حکومت غریب عوام کو طبی سہولتوں کی فراہمی کے معاملے میں عہد کی پابند ہے ۔ ریاست میں غریب عوام کو مفت طبی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ حکومت کے تیار کردہ منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے معاملے میں عہدیدار ذمہ دارانہ رول ادا کریں ۔ اس اجلاس میں ڈی ایم ای رمیش ریڈی ، ٹی ایس ایم آئی ڈی سی چندر شیکھر ریڈی کے علاوہ دوسروں نے شرکت کی ۔۔