ہاسپٹل میں ڈاکٹرس سے بدسلوکی ، دو افراد گرفتار

   

حیدرآباد۔ پنجہ گٹہ پولیس نے احاطہ دواخانہ میں ڈاکٹروں سے بدسلوکی کرنے اور ہنگامہ آرائی کرنے والے دو افراد کو گرفتار کرلیا ۔ انسپکٹر پنجہ گٹہ پولیس اسٹیشن مسٹر ایم نرنجن ریڈی نے کہا کہ /20 جون کی شب یاقوت پورہ سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون مریض کو کووڈ۔19 کے شبہ میں دواخانہ لایا گیا تھا اور اس کے رشتہ دار مریض کو فوری شریک کرنے کیلئے اصرار کررہے تھے ۔ دواخانہ میں مناسب بیڈس موجود نہ ہونے کے نتیجہ میں وہاں کے ڈاکٹروں نے ایمرجنسی وارڈ میں شریک کرنے سے انکار کردیا جس پر 29 سالہ سلمان خان ساکن مانصاحب ٹینک جو خود کو یوتھ کریج آرگنائزیشن کا سوشیل ورکر بتاتا ہے نے اپنے ایک اور ساتھی سید ایوب اور مریض کے دیگر رشتہ داروں کے ساتھ دواخانہ میں ہنگامہ آرائی کی ۔ اتنا ہی نہیں گرفتار افراد نے ایمرجنسی وارڈ کی ویڈیو گرافی کی جس کے نتیجہ میں وہاں موجود مریض خوف زدہ ہوگئے ۔ دواخانہ کے انتظامیہ کے ساتھ بدسلوکی کرنے اور انہیں دھمکانے کے نتیجہ میں پنجہ گٹہ پولیس نے ایک مقدمہ درج کیا تھا اور تحقیقات کے بعد سلمان خان اور اس کے ساتھی سید ایوب کو گرفتار کرلیا گیا ۔