تین گھنٹوں تک کسی نے مدد نہیں کی ، نوجوان کی دو مرتبہ ٹسٹ دپورٹ نگٹیو برآمد ہوئی
حیدرآباد :۔ بخار کی شدت سے متاثر ایک شخص ہاسپٹل کے احاطے میں ماں اور بیوی کے آنکھوں کے سامنے دم توڑ دیا اور اس کا کورونا ٹسٹ نگٹیو برآمد ہوا ۔ یہ واقعہ ضلع نظام آباد کے رنجول پرائمری ہیلت سنٹر میں پیش آیا ۔ تفصیلات کے بموجب مہاراشٹرا کے سرحد سے متصل ضلع نظام آباد میں کورونا کے کیسیس اور اموات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے ۔ بورگم موضع سے تعلق رکھنے والا 28 سالہ نوجوان اشوک گذشتہ دو تین دن سے شدید بخار میں مبتلا ہے ۔ گھر والوں نے ڈاکٹرس کے مشورے پر پہلے اس کا کورونا ٹسٹ کروایا جو نگٹیو برآمد ہوا ۔ تاہم بخار کی شدت میں کمی نہ آنے کی وجہ سے گھر والوں نے دوبارہ ہاسپٹل سے رجوع کیا ۔ ڈاکٹرس نے دوبارہ کورونا ٹسٹ کرنے کا مشورہ دیا ۔ کورونا ٹسٹ کرنے کے بعد اشوک اپنی ماں اور شریک حیات کے ساتھ ہاسپٹل کے احاطے میں جھاڑ کے سائے میں ماں کی گود میں رپورٹ کا انتظار کررہا تھا کہ دم توڑ دیا ۔ گھر جانے کے لیے جب ماں نے اس نوجوان کو جگایا تو تب تک اس کی موت واقع ہوگئی تھی ۔ بیٹے اور شوہر کی اچانک موت پر اس کی ماں اور بیوی بے تحاشہ رو رہی تھی ۔ ہاسپٹل پہونچنے والوں کو ان پر رحم تو آرہا تھا مگر کورونا کے خوف سے کوئی قریب پہونچنے کی ہمت نہیں کررہا تھا ۔ تین گھنٹوں تک ماں اور بیوی نے مدد کرنے کا انتظار کیا بعد ازاں گاؤں والوں نے نعش کو ٹریکٹر میں منتقل کرتے ہوئے آخری رسومات انجام دی ۔ اشوک کی کورونا ٹسٹ کی دوسری رپورٹ بھی نگٹیو برآمد ہوئی ۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ شدید بخار کی وجہ سے اشوک کی موت واقع ہوئی ۔۔
