مصیبت زدگان کی مدد سیاست ملت فنڈ اور فیض عام ٹرسٹ کا مقصد
جناب زاہد علی خاں اور دیگر کا خطاب
حیدرآباد: ہمارے شہر حیدرآباد فرخندہ بنیاد کو حالیہ طوفانی بارش نے تباہ کرکے رکھ دیا۔ آج بھی شہر میں ایسے محلہ جات ہیں جہاں کے مکین اب بھی پوری طرح سنبھل نہیں پائے۔ ان کے گھروں میں پانی جمع ہوا ہے اور ان کی زندگیاں معمول پر واپس نہیں آئیں۔ بعض گھروں میں تو لڑکیوں کا رکھا ہوا جہیز برباد ہوگیا۔ ایسے میں بے شمار مکانات ہیں جواپنی زندگی کی جمع پونجی سے محروم ہوگئے۔ اس پر ظالمانہ مذاق یہ ہوا کہ حکومت نے جو امداد ی رقم کی تقسیم عمل میں لائی یہ پریشان حال لوگ اس امداد کے حصول سے بھی محروم ہوگئے۔ ان حالات میں اللہ عزوجل نے روز نامہ سیاست کے ملت فنڈ اور فیض عام ٹرسٹ کو منظر عام پر لایا اور ان دونوں اداروں نے پریشان حال حیدرآبادیوں کی بلالحاظ مذہب و ملت رنگ و نسل ذات پات مدد کا بیڑہ اٹھایا اور دونوں کا یہ فلاحی قافلہ بڑی تیزی سے اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہے۔ اب تک کئی علاقوں میں سیاست ملت فنڈ اور فیض عام ٹرسٹ کی جانب سے کچن کٹس، بیڈ کٹس کے ساتھ ساتھ نقد رقم کی تقسیم عمل میں لائی گئی۔ عروج ماڈل ہائی اسکول ہاشم آباد میں کل 100 سے زائد افراد میں بیڈ کٹس اور نقد امداد تقسیم کی گئی جس سے لوگوں کے چہرہ پر خوشی دیکھی گئی۔ واضح رہے کہ ہاشم آباد کے تین علاقوں احمد نگر، کفگیر نگر اور بدا نگر کے رہنے والوں کو عروج ماڈل ہائی اسکول میں بلاکر یہ سامان ان کے حوالے کیا گیا۔ اس موقع پر ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں، سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین، ڈاکٹر مخدوم محی الدین، جناب حیدر علی، جناب کرار احمد، ڈاکٹر شوکت علی مرزا، ڈاکٹر ابراہیم، جناب انصار سلیمانی، علی سلیمانی اور جناب ای اسمعیل موجود تھے۔ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طوفانی بارش نے حیدرآباد اور اس کے مکینوں کو بہت نقصان پہنچایا ہے۔ متاثرہ گھروں کے مکینوں کے حالات بہت خراب ہیں حکومت نے جو دیا وہ بہت کم ہے اس سلسلہ میں روز نامہ سیاست کے ذریعہ حکومت کو توجہ دلانے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی جائے گی۔ جناب زاہد علی خاں کے مطابق سیاست ملت فنڈ اور فیض عام ٹرسٹ جو کچھ بھی کررہے ہیں اس کا مقصد صرف اور صرف متاثرین کو ضروریات زندگی کی چیزیں فراہم کرتے ہوئے انہیں ان کے پیروں پر کھڑا کرنا ہے۔ روز نامہ سیاست اور فیض عام ٹرسٹ اپنے شہر کے مصیبت زدہ مکینوں کے ساتھ ہے اور دونوں ملکر ممکنہ کوشش کررہے ہیں کہ متاثرین کی حتی المقدور مدد کی جائے۔ اس ضمن میں انہوں نے فیض عام ٹرسٹ اور اس کے سکریٹری جناب افتخار حسین کا بطور خاص شکریہ ادا کیا۔ ساتھ ہی حیدرآباد کے خدا ترس عوام سے بھی اظہار ممنونیت کیا کہ ان لوگوں کے فراخدلانہ عطیات نے ہمیشہ ضرورت مندوں کو سہارا دیا ہے۔