اسلام آباد ۔4 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان سوپر لیگ کی سب سے مقبول فرنچائز اور2017 کی چمپیئن پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی، کپتان ڈیرن سیمی اور دیگرکھلاڑیوں نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی۔ پشاور زلمی کے وفد نے چیئرمین جاوید آفریدی کی قیادت میں وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی۔اسلام آباد ملاقات میں جاوید آفریدی کے ہمراہ کپتان ڈیرن سیمی، فرنچائز کے مشیر ہاشم آملہ اور کوچ محمد اکرم بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان کی اعزازی شہریت ملنے پر ڈیرن سیمی کو گرمجوشی سے مبارکباد دی۔ وزیر اعظم نے ڈیرن سیمی سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ اب آپ بھی ہمارے شہری ہیں اورپاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے لیے آپ کے کردارکو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ عمران خان نے کہا کہ جاوید آفریدی نے ہمیشہ ڈیرن سیمی کی پاکستان میں کرکٹ کے لیے خدمات کو سراہنے پر زور دیا اورخود سیمی کے ساتھ مل کر پاکستان کرکٹ کی بہت خدمت کی ہے۔ اس موقع پر وزیر اعظم پاکستان نے عظیم جنوبی افریقی سابق اوپنر اورپشاورزلمی کے مشیر ہاشم آملہ کو بھی خوش آمدید کہا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ خوشی ہے کہ پورا پی ایس ایل پاکستان میں ہورہا ہے اور لوگ خوش ہیں، پی ایس ایل کے تمام میچز میں اسٹیڈیم بھرے ہوئے ہیں جس سے پوری دنیا میں پاکستان کا مثبت پیغام گیا۔پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد اپنے بیان میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں پشاور زلمی اور ڈیرن سیمی کے کردار کو سراہا۔