ہاشم آملہ کی عنقریب کاؤنٹی کرکٹ میں واپسی متوقع

   

لندن ۔ 9اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) بین الاقوامی کرکٹ کو الوداع کہہ چکے جنوبی افریقہ کے عظیم کھلاڑی ہاشم آملہ جلد ہی کاؤنٹی کرکٹ کھیلتے ہوئے نظرآسکتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ہاشم آملہ کاؤنٹی کلب سرے کے ساتھ منسلک ہونے والے ہیں۔ ای ایس پی این کرک انفوکے مطابق 36 سالہ کرکٹر ہاشم آملہ جلد ہی سرے کے ساتھ آئندہ دو سال کے لئے معاہدہ کرنے والے ہیں۔ سرے کلب کا یہ دوسرا کولپیک معاہدہ ہے۔ اس سے قبل وہ مورنی مورکل کوکلب کیساتھ منسلک کرچکا ہے۔ حالانکہ اس کی وجہ سے اسے مسلسل تنقید کا شکارہونا پڑرہا ہے۔ کلب نے اس پروضاحت دیتے ہوئے کہا ہیکہ وہ ملک کیلئے کھیل رہے کھلاڑیوں کی کمی پوری کرنے کیلئے کولپیک معاہدہ کرچکے کھلاڑیوں کوشامل کررہے ہیں۔ کلب اس کوشش میں ہیکہ آئندہ دو ہفتے میں ہاشم آملہ کے ساتھ معاہدہ کے تمام اصول وضوابط پورے کرلئے جائیں۔ اس سال انگلینڈ میں ہوئے آئی سی سی ورلڈ کپ کے بعد ہاشم آملہ نے بین الاقوامی کرکٹ سے سبکدوشی کا اعلان کیا ۔ حالانکہ انہوں نے تبھی واضح کردیا تھا کہ وہ گھریلوکرکٹ میں کھیلنا جاری رکھیں گے۔ ہاشم آملہ نے ٹی 20 ، ونڈے اورٹسٹ فارمیٹ میں جملہ 349 میچ کھیلے ہیں، جس میں انہوں نے 18 ہزاررن بنائے ہیں۔ وہ ٹسٹ کرکٹ میں ٹرپل سنچری بنانے والے واحد جنوبی افریقی کرکٹر ہیں۔ وہیں ونڈے میں بھی ہاشم آملہ کے ریکارڈ کمال کے ہیں۔ 27 ونڈے سنچری لگانے والے ہاشم آملہ سب سے تیز 2,3,4,5,6 اور 7000 رن بنانے والے کرکٹرہیں۔ ہاشم آملہ نے جنوبی افریقہ کے لئے کئی زبردست اننگز کھیل کی ٹیم کو جیت دلائی ہے۔کولپیک ڈیل کے مطابق جن بھی ممالک کے یوروپین یونین کے ساتھ آزاد تجارت کے معاہدے ہیں، ان ممالک کے لوگ یوروپین یونین میں کام کرسکتے ہیں۔ 2004 میں جنوبی افریقہ کے کلاؤڈ ہینڈرسن کولپیک معاہدہ کو دستخط کرنے والے پہلے کھلاڑی تھے۔گزشتہ 15 سال میں کولپیک معاہدہ کرنے والے کھلاڑیوں میں سب سے بڑی تعداد جنوبی افریقی کھلاڑیوں کی ہی ہے، جس کے سبب ٹیم کو کافی نقصان ہوا ہے۔کرکٹ جنوبی افریقہ اب اس معاہدے پرکوئی بڑی تبدیلی کرنے پرغورکررہا ہے۔