ہالیپ اور الیگزنڈرزویرو کو شکست ، راونک کا شاندار مظاہرہ

   

ملبورن ۔ 21 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلین اوپن میں خطاب کے دعویدار کھلاڑیوں کا اخراج آج بھی جاری رہا جیسا کہ خاتون زمرہ میں عالمی نمبر ایک اور دفاعی چمپئن سیمونا ہالیپ کو سرینا ولیمس کے خلاف سخت مقابلہ کے بعد 1-6,6-4,4-6 کی شکست برداشت کرنی پڑی جبکہ یو ایس اوپن چمپئن اوساکا پہلا سیٹ گنوانے کے باوجود سیوس ٹووا کو 4-6,6-3,6-4 سے شکست دی۔ دریں اثناء آسٹریلین اوپن میں چوتھے سیڈ کھلاڑی اور الیگزنڈر زویرو نے کینیڈا کے 16 ویں سیڈ کھلاڑی میلوس راؤنیک کے ہاتھوں شکست پر انتہائی برہمی کے عالم میں اپنے ریکٹ کو زمین پر پٹک کر پاش پاش کردیا اور اس پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایسا کرنے سے ان کو ذہنی طور پر بہت ہی سکون میسر ہوا کیونکہ اس حرکت سے انکا سارا غصہ کافور ہوگیا تھا۔ زویرو کو تیسرے راونڈ میں 6-1, 6-1, 7-6 (715) اور چوتھے راونڈ میں میلوس نے شکست فاش دیدی۔ جب اس جرمن کھلاڑی سے سوال کیا گیا تو وہ پہلے بھی ایسا کرچکے ہیں تو انہوں نے مسکرا کر کہا کہ ’’کیا آپ نے میرا میاچ کبھی دیکھا ہے لہٰذا آپ کو میرے میاچس دیکھنا چاہئے‘‘۔ زویرو کو 2018ء کے ATP فائنل ٹور میں نوواک جوکووچ اور راجر فیڈرر کو شکست دینے پر مستقبل کے گرانڈ سلام کھلاڑی کی حیثیت سے تصور کیا جانے لگا لیکن گذشتہ 15 اعلیٰ مقابلوں کے آخری 8 مقابلوں میں 14 مرتبہ وہ شکست سے دوچار ہوئے۔