نیویارک۔ اداکارہ اسکارلیٹ نے فلم بلیک ویڈو کی آن لائن ریلیز کے خلاف عدالت سے رجوع کیا ہے۔ ان کے مطابق اسٹریمنگ سے وہ مالی فائدے سے محروم ہو سکتی ہیں جبکہ کمپنی کا کہنا ہے کہ انہیں فلم کے لیے دو کروڑ ڈالر پہلے ہی ادا کیے جا چکے ہیں۔ ہالی وڈ کی معروف اداکارہ اسکارلیٹ یوہانسن نے 29 جولائی کے روز والٹ ڈزنی کمپنی پر مارویل سپر ہیرو فلم ‘بلیک ویڈو’ کی اسٹریمنگ کے خلاف مقدمہ دائر کر دیا۔یہ فلم تھیٹر میں ریلیز ہونے کے ساتھ ہی اسٹریمنگ کے لیے بھی دستیاب ہے۔ ان کے وکلا کا کہنا ہے کہ فلم کی آن لائن ریلیز سے ان کے معاہدہ کی خلاف ورزی ہوتی ہے اور اس سے وہ اس کی ممکنہ آمدنی سے محروم ہو جائیں گی۔ بلیک ویڈو کی اسٹار اور اگزیکیٹیو پروڈیوسر نے یہ کیس لاس انجلس کی اعلی عدالت میں دائر کیا ہے اور استدعا کی ہے کہ ان کے معاہدے کے حساب سے اس فلم کو خصوصی طور پر تھیٹر میں ریلیز کرنا تھا اور اس کو آن لائن ریلیز کرنے سے انہیں جو ممکنہ طور پر اضافی آمدنی ہو سکتی تھی اس سے وہ محروم ہو جائیں گی۔