ہانگ کانگ،2ستمبر(سیاست ڈاٹ کام) ہانگ کانگ خصوصی انتظامی خطہ (ایچ کے ایس اے آر) میں ہفتہ کو ہوئے تشدد معاملے میں پولیس نے 159 افراد کو گرفتار کیا ہے ۔ پولیس محکمہ رابطہ عامہ کے سربراہ ٹی چُن چُنگ نے پیر کو پریس کانفرنس میں بتایا کہ گرفتار 159 افراد میں 132 مرد اور 27 خواتین ہیں۔ گرفتار مرد اور خواتین کی عمر 13 سے 58 برس کے درمیان کی ہے ۔ پولیس سربراہ نے بتایا کہ ان لوگوں کو غیر قانونی طریقے سے اکٹھا ہونے ، ہتھیار رکھنے ، غلط برتاؤ اور پولیس کے کام میں دخل دینے کے معاملے میں گرفتار کیا گیا ہے ۔ 8 مشتبہ افراد کو خطرناک ہتھیار رکھنے اور عدالت کے حکم کی خلاف ورزی کرنے پر گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہانگ کانگ میں بڑے پیمانے پر ہونے والی پُرتشدد تحریک کے بعد سے اب تک 1117 افراد گرفتار کیے جا چکے ہیں۔
