ہانگژو: ایشیائی کھیلوں میں ہندوستان نے پانچ میڈلز جیتے

   

ہانگژو: ہندوستانی کھلاڑیوں نے آج شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چین کے ہانگژو میں جاری 19ویں ایشیائی کھیلوں میں تین سلور اور دو برونز میڈلز جیتے ۔ روئنگ ایونٹ میں اولمپین ارجن لال جاٹ اور اروند سنگھ کی ہندوستانی مردوں کی لائٹ ویٹ ڈبل اسکلز ٹیم اور مردوں کی کاکس 8 ٹیم نے چاندی کا تمغہ جیتا۔ بابو لال یادو اور لیکھ رام کی ہندوستانی جوڑی نے بھی کانسہ کا تمغہ جیتا، جس سے ایشین گیمز میں روئنگ میں ہندوستان کے تمغوں کی تعداد تین ہوگئی۔ فویانگ واٹر اسپورٹس سنٹر میں مقابلہ کرتے ہوئے ارجن لال جاٹ اور اروند سنگھ نے 6:28.18 کے وقت کے ساتھ سلور میڈل جیتا اور وہ سونے کا تمغہ جیتنے والے چین سے 5.02 سکنڈ پیچھے رہے جبکہ ازبکستان کو 6:33.42 کے وقت کے ساتھ برونز میڈل ملا۔ ویمنس باکسنگ میں ہندوستانی اسٹار نکہت زرین نے شاندار مظاہرہ پیش کرتے ہوئے راؤنڈ آف 16 میں داخلہ حاصل کرلیا ہے۔ 50kg زمرے کے ابتدائی مقابلوں میں حیدرآبادی اسٹار نے ورلڈ چمپئن شپ میڈلسٹ این گیوین تھائی تام کو 5-0 سے شکست دی۔ اس سے قبل، ہندوستانی جوڑی نے 6:55.78 کے ٹائمنگ کے ساتھ پول پوزیشن حاصل کرکے تمغے کی ریس میں جگہ بنائی ۔ انہوں نے ریپی چیج میں داخل ہونے کیلئے ہیٹ 1 میں دوسرے مقام کیلئے کا وقت نکالا تھا۔ریپی چیج 1 میں 6:55.78 کے وقت کے ساتھ بابو لال یادو اور لیکھ رام کی ہندوستانی مردوں کی جوڑی نے 6:50.41 کے وقت کے ساتھ کانسہ کا تمغہ جیتا۔ ازبکستان نے 6:48.11 کے وقت کے ساتھ چاندی کا تمغہ جیتا جبکہ چین نے 6:44.20 کے وقت کے ساتھ سونے کا تمغہ حاصل کیا۔ رمیتا نے شوٹنگ میں ملک کو پانچواں تمغہ دلایا۔ رمیتا نے خواتین کی 10 میٹر ایئر رائفل میں برونز میڈل جیتا۔ اس سے پہلے انہوں نے 10 میٹر ایئر رائفل ٹیم مقابلے میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔ چینی کھلاڑیوں نے خواتین کی 10 میٹر ایئر رائفلز میں بھی سونے اور چاندی کے دونوں تمغے جیتے ہیں۔