ہانگ کانگ /17 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہانگ کانگ میں حکومت مخالف مظاہروں میں شدت آ گئی، مظاہرین اور پولیس جھڑپوں کے دوران متعد افراد زخمی ہو گئے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جمہوریت کے حامی صبح ہی سڑکوں پر آ گئے اورحکومت مخالف مظاہرہ کیا، سکیورٹی اہلکاروں نے آنسو گیس کے شیل پھینکے تو مظاہرین نے بھی پٹرول بم سے پولیس کو ضرب لگائی، نوجوانوں نے آنسو گیس سے بچنے کے لیے ہیلمٹ اور ماسک پہن رکھے تھے، انہوں اپنے دفاع کے لیے چھتریاں بھی اٹھا رکھی تھیں جھڑپوں میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ مظاہرین پٹرول بموں سے سرکاری املاک کو نقصان پہنچا رہے ہیں تاہم مظاہرین پولیس پر ناروا سلوک کا الزام دھرتے ہیں۔ گذشتہ دنوں مظاہرین کے پٹرول بم حملے میں ایک صحافی بھی جھلس گیا تھا، چار ماہ سے زائد مظاہروں میں ایک ہزار سے زائد افراد زخمی جبکہ 2 ہزار سے زائد گرفتار ہو چکے ہیں۔
