ماسکو، 13جون (سیاست ڈاٹ کام) ہانگ کانگ میں پولیس اور حوالگی قانون میں مجوزہ ترمیم کی مخالفت کررہے مظاہرین کے مابین تصادم میں کم از کم 79لوگ زخمی ہوگئے ۔مقامی میڈیا نے جمعرات کو بتایا کہ زخمیوں میں سے دو کی حالت سنگین ہے ۔ تصادم میں ایک 15 سالہ بچہ بھی زخمی ہوا ہے ۔حوالگی قانون میں ترمیم کے لئے مجوزہ بل کے خلاف بدھ کو دس لاکھ سے زائد لوگ سڑکوں پر اتر آئے ۔ مظاہرین نے ٹریفک جام کردیا اور سرکاری عمارتوں کے اندر گھسنے کی کوشش کی۔ پولیس کو انہیں منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کے گولے داغنے پڑے اور ربڑ کی گولیاں چلانی پڑیں۔خیال رہے کہ حوالگی قانون میں اگر مجوزہ ترمیم کرلی جاتی ہے تو ہانگ کانگ حکومت کسی دو طرفہ معاہد ہ کے بغیر چین سمیت کسی مشتبہ شخص کو اس ملک کے حوالے کرسکتا ہے ۔ اس ترمیم کی مخالفت کررہے لوگوں کا خیال ہے کہ چین اس قانون کا غلط استعمال کرکے ہانگ کانگ میں اپنے مخالفین کے خلاف کارروائی کرسکتا ہے
