واشنگٹن،28نومبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ نے ہانگ کانگ پولیس کو بھیڑپر قابو کرنے والے ہتھیاروں کی برآمدات پر پابندی لگانے والے ایک بل پر دستخط کرکے منظوری دے دی ہے ۔وائٹ ہاؤس نے چہارشنبہ کو ایک بیان جاری کرکے یہ اطلاع دی۔بیان کے مطابق صدر نے ‘ہانگ کانگ انسانی حقوق اورجمہوریت ایکٹ 2019’نامی ایس 1838اور ایس 2710قانون پر دستخط کر کے اسے منظوری دے دی ہے ۔اس قانون کے مطابق ہانگ کانگ کو مظاہرین کو کنٹرول کرنے والی پولیس کے لئے ہتھیاروں کی برآمدات پرپابندی لگائی گئی ہے ۔مسٹر ٹرمپ نے بیان میں کہا کہ وہ چین اور اس کے صدر ژی جن پنگ اور ہانگ کانگ کے لوگوں کا احترام کرتے ہیں اس کے باوجود اس بل پر دستخط کررہے ہیں۔انہوں نے امید ظاہری کی کہ چین اور ہانگ کانگ جلد ہی آپسی اختلافات کو دور کرکے طویل مدتی امن قائم کریں گے ۔ہانگ کانگ انسانی حقوق اور جمہوریت کا قانون 2019’میں ان افسروں پر پابندی لگانے کا التزام ہے جو ہانگ کانگ میں انسانی حقوق کی خلاف کے معاملوں میں شامل ہیں۔واضح رہے کہ ہانگ کانگ میں ہٹائے جاچکے حوالگی بل کے سلسلے میں جون سے مسلسل ریالیاں ہورہی ہیں۔احتجاجی مظاہرے کے دوران کئی بار مظاہرین اور پولیس کے درمیان پرتشدد جھڑپیں بھی ہوچکی ہیں۔چین ہانگ کانگ میں جاری احتجاجی مظاہرے کے لئے غیر ملکی مداخلت کو ذمہ دار ٹھہراتا ہے