لاہور؍ممبئی، 30 جون (ایجنسیز) ہندوستانی پنجابی سنیما کی تازہ ترین پیشکش ’سردار جی 3‘ نے پاکستانی سینما گھروں میں دھماکہ خیز آغاز کرتے ہوئے ریلیز کے پہلے ہی دن 4.5 کروڑ روپے کا تاریخی بزنس کر ڈالا۔ ہندوستان میں متنازع قرار دیے جانے والے دلجیت دوسانجھ اور پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر پر مشتمل اس فلم نے نہ صرف ہندوستانی بلکہ مقامی پنجابی فلموں کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے۔ یہ دلچسپ امر ہے کہ جہاں پاکستان میں فلم کو زبردست پذیرائی مل رہی ہے، وہیں ہندوستان میں یہ کاسٹ کے حوالے سے تنازعات کا شکار ہے۔ 27 جون کو عالمی سطح پر ریلیز ہونے والی اس فلم کی غیرمتوقع کامیابی نے فلم سازوں کو بھی حیرت میں ڈال دیا ہے۔ فلم نے سلمان خان کی ’’سلطان‘‘ جیسی سوپر ہٹ فلم کا پہلے دن کا ریکارڈ بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ مہنگائی اور سینما گھروں کی بندش جیسے مسائل کے باوجود پاکستانی شائقین نے فلم کو جو زبردست پذیرائی بخشی، وہ ملکی فلمی صنعت کے لیے ایک امید افزا اشارہ ہے۔ فلم کی معیاری شوٹنگ، دلجیت اور ہانیہ کی دلکش جوڑی اور پنجابی ثقافت کی شاندار عکاسی نے ناظرین کو سینما گھروں کی طرف کھینچ لیا۔ ہانیہ عامر نے فلم کی کامیابی پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ آپ سب کی محبت نے ’’سردار جی 3‘‘ کو کامیابی کی بلندیوں تک پہنچایا۔ میں اپنے تمام پاکستانی مداحوں کی شکر گزار ہوں۔ ہانیہ کی ہندوستانی پنجابی سینما میں یہ پہلی انٹری ناقدین کی تعریفوں کی مستحق ٹھہری ہے۔