ہاورڈ یونیورسٹی کے طلبہ سے خطاب کیلئے تلنگانہ کے وزیر آئی ٹی مدعو

   

حیدرآباد3 فروری(یواین آئی) تلنگانہ کے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے تارک راما راو کو 15اور16فروری کو ہاورڈ بزنس اسکول بوسٹن میں ہونے والی سالانہ ہاورڈ انڈیا کانفرنس 2020کے لئے مدعو کیاگیا ہے ۔مسلسل تیسری مرتبہ ان کو اس یونیورسٹی سے دعوت نامہ ملا ہے تاہم پہلی مرتبہ مسٹر راو ہاورڈ یونیورسٹی میں خطاب کریں گے کیونکہ وہ انتخابات اور دیگر سرگرمیوں کے سبب قبل ازیں کی کانفرنسوں میں شرکت نہیں کرپائے تھے ۔کے تارک راما راو کانفرنس کے 17ویں سیشن کے دوران ہندوستان میں اسمارٹ شہروں کے موضوع پر طلبہ سے خطاب کریں گے ۔منتظمین کا ماننا ہے کہ مسٹر راو اس موضوع پر اظہار خیال کیلئے موزوں شخصیت ہیں کیونکہ وہ تلنگانہ ریاست میں آئی ٹی، انڈسٹریز ، بلدی نظم ونسق اور شہری ترقی جیسے امور کے نگران ہیں۔دو روزہ کانفرنس کا اہتمام ہاورڈ کینڈی اور ہاورڈ بزنس اسکول میں کیاجائے گا جو تبادلہ خیال،مباحث اورمعاصر ہندوستان کے مناسب نٹ ورکنگ کے مسائل پر اظہار خیال کا دنیا کا سرکردہ فورم ہے ۔