ہاپور میں پولیس تحویل میں کسان کی موت

   

سرکل آفیسر ‘ ایس ایچ او اور سب انسپکٹر کے خلاف قتل کا مقدمہ درج
ہاپور ( اترپردیش ) 18 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) اترپردیش کے ہاپور میں پولیس تحویل میں ایک کسان کی موت پر تین پولیس اہلکاروں اور ایک نامعلوم شخص کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ متوفی پردیپ تومر کے بھائی کلدیپ تومر کی شکایت پر کل رات یہ مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ 35 سالہ پردیش کو چی جرسی پولیس پوسٹ ہاپور میں اس کی کسی رشتہ دار کے قتل کیس میں پوچھ تاچھ کیلئے طلب کیا گیا تھا ۔ افراد خاندان کا الزام ہے کہ پردیپ کو پولیس نے پوچھ تاچھ کے دوران بے دردی سے پیٹا اور اس کی حالت بگڑ گئی ۔ اس کے 10 سالہ لڑکے کو پولیس پوسٹ کے باہر دھمکا کر کھڑا کردیا گیا تھا اور اسے چھ رپنے کیلئے ایک چپس کی پیکٹ دی گئی تھی ۔ سپرنٹنڈنٹ پولیس ہاپور یش ویر سنگھ نے بتایا کہ اب تعزیرات ہند کی دفعہ 302 کے تحت سرکل آفیسر سنتوش کمار ‘ ایس ایچ او یوگیس بالیان اور سب انسپکٹر عجب سنگھ کے علاوہ ایک نا معلوم شخص کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ ایک کانسٹیبل کے ساتھ ایس ایچ او بالیان اور سب انسپکٹر کو معطل کردیا گیا ہے ۔ ایک دن قبل ہی حقوق انسانی کمیشن نے یو پی حکومت کو نوٹس بھی جاری کی تھی ۔