نئی دہلی۔16 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہاکی انڈیا نے آج اپنے تمام جونیر اور سب جونیر قومی چمپئن شپس کو ملتوی کردیا ہے جیسا کہ یہ ٹورنمنٹس 10 اپریل سے شروع ہونے والے تھے تمام گھریلو ایونٹس کو ملتوی کرنے کا اعلان کرنے کے بعد کہا گیا ہیکہ کوروناوائرس کی وجہ سے یہ فیصلہ لیا گیا ہے اور آئندہ ماہ کے اختتام پر صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد فیصلے کئے جائیں گے۔ ہاکی انڈیا ایگزیکیٹیو بورڈ اجلاس میں ہندوستان میں کوروناوائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی تشویشناک صورتحال کا جائزہ لیا گیا جس کی وجہ سے ملک میں 100 سے زائد افراد اس وائرس سے متاثر ہیں اور دو افراد ہلاک بھی ہوچکے ہیں۔ نیز دنیا بھر میں اس وائرس کی وجہ سے جہاں دیڑھ لاکھ سے زائد افراد متاثر ہیں اور تقریباً 5000 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ ہاکی انڈیا کے صدر مشتاق احمد نے کہا ہیکہ کھلاڑیوں کی حفاظت کو ذہن میں رکھتے ہوئے ہاکی انڈیا نے فیصلہ کیا ہیکہ سالانہ قومی سطح پر منعقد شدنی تمام جونیر اور سب جونیر چمپئن شپس کو ملتوی کردیا جائے جوکہ مرد اور خاتون زمرہ میں کھیلے جاتے ہیں کھیلو کو ملتوی کرنے کے بعد اب مجموعی طور پر 8 ایونٹ متاثر ہوئے ہیں جنہیں منسوخ کردیا گیا ہے۔ مشتاق احمد نے مزید کہاکہ ملک میں حالات پر گہری نظر رکھی جارہی ہے اور جیسے ہی حالات بہتر ہوں گے تو معطل شدہ 8 ٹورنمنٹس کی نئی تواریخ کا اعلان کیا جائے گا۔ دریں اثناء انہوں نے ٹورنمنٹ میں شرکت کرنے والے یونٹس کو ہدایت دی کہ وہ کھلاڑیوں اور دیگر عملہ کی تفصیلات کو ویب سائیٹ پر فراہم کرتے رہیں۔ تاحال جن ٹورنمنٹس کو ملتوی کردیا گیا یہ ان میں دسویں ہاکی انڈیا جونیر وومن نیشنل چمپئن شپ، جونیر مین نیشنل چمپئن شپ، ہاکی انڈیا سب جونیر وومن نیشنل چمپئن شپ انڈیا جونیر مین نیشنل چمپئن شپ، انڈیا جونیر وومن نیشنل چمپئن شپ کے علاوہ دسویں ہاکی انڈیا سب جونیر وومن نیشنل چمپئن شپ بھی شامل ہیں اور یہ تمام ایونٹس 10 اپریل سے 13 جون کے درمیان منعقد شدنی تھے لیکن ہندوستان میں کوروناوائرس سے پیدا شدہ خوف کے ماحول اور کھلاڑیوں کی صحت کو ترجیح دینے کے باعث ملتوی کردیا گیا ہے۔