نئی دہلی: ہاکی انڈیا سال 2024میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے آٹھ زمروں کے مردوں اور خواتین کیٹگریز کے کھلاڑیوں کو ہفتہ کے روز اعزاز سے نوازے گا۔ہاکی انڈیا نے آج یہ اطلاع دی۔ ہاکی انڈیا ساتویں سالانہ ایوارڈز کیلئے آٹھ زمروں کے 32 کھلاڑیوں کو 12 کروڑ روپے کی انعامی رقم پیش کرے گا۔ 15 مارچ کے پروگرام میں کھلاڑیوں کو انعامات سے نوازا جائے گا۔ ہاکی انڈیا کے سالانہ ایوارڈز 2024 کیلئے نامزد کردہ کھلاڑی اس طرح ہیں: بلجیت سنگھ ایوارڈ 2024 کے گول کیپر کیلئے بیچو دیوی کھاریبام، کرشن بہادر پاٹھک، پی آر سریجیش اور سویتا کو نامزد کیا گیا ہے۔ پرگت سنگھ ایوارڈ 2023کے ڈیفنڈر کیلئے سنجے ، امیت روہیداس، ہرمن پریت سنگھ اور ادیتا نامزد ہیں۔ اجیت پال سنگھ ایوارڈ برائے مڈفیلڈر آف دی ایئر 2024 کیلئے جرمن پریت سنگھ، ہاردک سنگھ، نیلکانتا شرما، اور سمیت نامزد ہیں۔ دھنراج پلے ایوارڈ برائے فارورڈ آف دی ایئر 2024 کیلئے لالریمسیامی، ابھیشیک، سکھ جیت سنگھ اور نونیت کور دعوے دار ہیں۔ ویمنس اور مینس انڈر 21 ایمرجنگ پلیئر آف دی ایئر ایوارڈز بھی دیئے جائیں گے۔ اسی طرح بہترین خاتون اور مرد کھلاڑی کے ایوارڈ ہوں گے۔ اولمپک برونز میڈل جیتنے والی ہندوستانی ٹیم اور گزشتہ سال ایشین چمپئنز ٹرافی جیتنے والی مردوں اور خواتین کی ٹیموں کو اعزاز سے نوازا جائے گا۔ جونیئر ایشیا کپ جیتنے والی مردوں اور خواتین کی ٹیموں کو بھی انعامات سے نوازا جائے گا۔