نئی دہلی ۔31اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) ہاکی انڈیا نے سینئر مینس نیشنل کوچنگ کیمپ جس کا 2ستمبر کو بنگلور کے اسپورٹس اتھاریٹی آف انڈیا میں آغاز ہورہا ہے ، اس کیلئے 33ممکنہ کھلاڑیوں کا اعلان کیا ہے ۔ کوچنگ کیمپ کی سرپرستی قومی کوچ گرام ریڈ کریں گے ۔ یہ کوچنگ کیمپ بلجیم کے دورہ اور اولمپک کوالیفائرس میں شرکت کے ضمن میں منعقد ہورہا ہے ۔ تین ہفتہ طویل اس کیمپ میں ہندوستانی کھلاڑیوں کے مظاہروں میں استقلال اصل توجہ کا مرکز ہوگا جیسا کہ ہرمن پریت سنگھ کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم نے حالیہ دنوں میں نیوزی لینڈ کو شکست دے کر اولمپک ٹسٹ ایونٹ اپنے نام کیا ہے اور اب انتظامیہ کی کوشش ہے کہ فتوحات کے اس سلسلہ کو مزید آگے بڑھایا جائے ۔