نئی دہلی : ہندوستانی ہاکی ٹیم کے کپتان من پریت سنگھ کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے اور آئندہ ماہ ارجنٹینا میں منعقدشدنی ایف آئی ایچ پرو لیگ ایونٹ میں ٹیم میزبان اور اولمپک چمپیئن کے خلاف میدان میں نظر آئے گی ۔ من پریت جنھوں نے حالیہ دورۂ یوروپ سے خود کو شخصی وجوہات کی بناء پر الگ کرلیا تھا ، تاہم اب ارجنٹینا کے خلاف سیریز میں ان کی واپسی ہوئی ہے ۔ علاوہ ازیں گزشتہ ٹور میں ٹیم کی نمائندگی نہ کرنے والے ڈراک فلیکر روپیندر پال سنگھ اور ورون کمار کی بھی واپسی ہوئی ہے ۔ ہاکی انڈیا نے 22رکنی ٹیم کا اعلان کیا ہے جو کہ 11 اور 12 اپریل کو بیونس آئیرس میں ارجنٹینا کے خلاف مقابلہ کرے گی ۔ اس کے علاوہ ہندوستانی ٹیم میزبان کے خلاف 6 اور 7 اپریل کو پریکٹیس مقابلے بھی کھیلے گی ۔ علاوہ ازیں رواں برس جولائی میںمنعقدشدنی ٹوکیو اولمپکس کیتیاری کے لئے 13 اور 14 اپریل کو ہندوستان کے ارجنٹینا سے مقابلے ہوں گے ۔