مزید افراد کی تلاش جاری ، اشتعال انگیز واقعات کے ضمن میں 12 مقدمات درج
گلبرگہ : ہبلی پولیس نے ہفتہ کے دن مزید 10افراد کو قدیم ہبلی پولیس اسٹیشن پر سنگ باری کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے ۔ پولیس نے اس معامل میں گرفتار شدہ دیگر 88افراد کوہبلی سے گلبرگہ جیل منتقل کردیا ہے۔ سنگ باری میں پولیس عملہ کے چار افراد زخمی ہوگئے تھے ۔ پولیس نے ان افراد کو گلبرگہ جیل اس لئے منتقل کیا ہے کہ رپورٹوں کے مطابق ان افراد کی گرفتاری کے خلاف مزید اشتعال انگیز واقعات کا امکان تھا ۔ منگل کے دن تین دنوں کے مسلسل اشتعال انگیز واقعات کے بعد ہبلی پر امن رہا ۔ ہبلی میں یہ اشتعال انگیز واقعات سوشئیل میڈیا پر ڈالے گئے ایک پوسٹ کے سبب ہوئے تھے ۔ اس دوران پولیس مزید ان افراد کو تلاش کررہی ہے جن پر قدیم ہبلی پولیس اسٹیشن میںپارک کی گئی پولیس کی گاڑیوں پر پتھر بازی میں ملوث ہونے کا الزام ہے ۔ ذرائع کے بموجب مذکورہ بالا 88افراد کو چار بسوں کے ذریعہ گلبرگہ جیل منتقل کیا گیا ۔ جب کہ اس منتقلی کے دوران ان پر پولیس کیسخت نگرانی جاری تھی ۔ پیر کے دن ہبلی کی عدالت نے انھیں دو ہفتوں کی عدالتی تحویل میں رکھنے کا حکم صادر کیا ہے ۔ پولیس ذرائع نے بھی کہا ہے کہ ہبلی جیل میں صرف 500قیدیوں کو رکھنے کی گنجائش ہونے کے سبب مذکورہ بالا گرفتار شدگان کو گلبرگہ جیل منتقل کردیا گیا ہے ۔ پولیس اس دوران ایک شخص کو گرفتار کرنے کی کوشش کررہی ہے جس نے اشتعال شروع ہونے کے پہلے دن ایک پولیس گاڑی پر کھڑے ہوکر اشتعال انگیز تقریر کی تھی ۔ معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ بالا شخص حیدر آباد فرار ہوگیا ہے۔ یہ بھی کہا جارہا ہے کہ ہبلی دھارواڑ شہر کی ضلعی کانگریس کمیٹی کے صدر الطاف ہلور بھی اس شخص کے ساتھ پولیس گاڑی پر سوار تھے جب وہ شخص اشتعال انگیز تقریر کررہے تھے ۔ لیکن مسٹر ہلور نے کہا ہے کہ وہ صرف عوام سے پر امن رہنے کی اپیل کرنے کے لئے پولیس گاری پر چڑھے تھے ۔ اس دوران مذکورہ بالا اشتعال انگیز واقعات سے متعلق کئی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر گشت کررہے ہیں منگل کے دن تک پولیس نے مذکورہ بالا اشتعال انگیز واقعات کے ضمن میں جملہ 12مقدمات درج کئے ہیں ۔اس دوران گرفتار شدگان کے بہت سے رشتہ دارن قدیم پولیس اسٹیشن ہبلی پہنچے اور انھوں نے اپنے گرفتار شدہ رشتہ داران کی بیماریوں میں مبتلاہونے کی رپورٹیں دکھا کر پولیس سے انھیں رہا کرنے کی درخواست کی ہے ۔ چیف منسٹر ایس آر بومائی نے کہا ہے کہ ہبلی تشدد میں ہوئے نقصانات کا ازالہ خاطیوں سے پورا کیا جائے گا۔