بیروت، 26 اگست (یو این آئی) حزب اللہ نے کہا کہ اسرائیل فوری جنگ بندی کرے ، ہم ہتھیار نہیں ڈالیں گے ۔ عرب میڈیا کے مطابق حزب اللّٰہ کے سیکریٹری جنرل نعیم قاسم کا کہنا ہے کہ لبنان کی خودمختاری صرف اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کی صورت میں حاصل ہوسکتی ہے ۔ نعیم قاسم نے لبنانی حکومت سے کہا کہ وہ اسرائیل کو 2024ء کے جنگ بندی معاہدے کی تکمیل کو یقینی بنانے کو کہے ۔ ہماری مزاحمت ایک مضبوط رکاوٹ کے طور پر موجود رہے گی اور اسرائیل کو اس کے مقاصد کے حصول کیلئے روکے گی۔ انہوں نے حزب اللّٰہ کو ضم کرنے کا حکومتی اور غیر ملکی مطالبہ مسترد کردیا اور کہا کہ پہلے اسرائیل لبنان کی سرزمین سے جائے ، ہمارے قیدیوں کو رہا کرے اور حملے بند کردے ۔
رانیل وکرما سنگھے کی ضمانت نامنظور
کولمبو، 26 اگست (یو این آئی) سری لنکا کی عدالت نے سرکاری فنڈ کے غلط استعمال کے معاملے میں سری لنکا کے سابق صدر رانیل وکرما سنگھے کو ضمانت دینے سے انکار کر دیا۔ وکرما سنگھے پر 2023 میں برطانیہ کے نجی دورے کے دوران سرکاری فنڈ کا غلط استعمال کرنے کا الزام ہے ۔ سری لنکا کے مقامی میڈیا کے مطابق وکرماسنگھے کیوبا اور امریکہ کے سرکاری دورے سے واپس آتے ہوئے برطانیہ میں ٹھہر گئے تھے۔