ہتھیار ڈالنے والے ماؤیسٹوں کی ہر ممکن مدد اور ہیلت کارڈ

   

اے ریونت ریڈی کا وعدہ ۔ چیف منسٹر کے روبرو 124 ماؤیسٹوں نے ہتھیار ڈال دئے

حیدرآباد : /7 مارچ (سیاست نیوز) عام زندگی میں شامل ہونے والے ہر ماؤسٹ کی مالی مدد اور ان کی صحت کیلئے ضمانت دی جائیگی ۔ یہ بات چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے بتائی ۔ انہوں نے آج بڑی تعداد میں ہتھیار ڈالنے والے ماوسٹوں کا عام زندگی ، سماجی دھارے میں خیرمقدم کیا اور کہا کہ پرامن ماحول میں بات چیت کے ذریعہ ہی مسائل کا حل ممکن ہوتا ہے ۔ انہوں نے روپوش ماؤسٹوں کو ہتھیار ڈال دینے اور خودسپردگی اختیار کرلینے کا مشورہ دیا اور سماجی دھارے میں ان کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں ضمانت دی کہ حکومت ان کی ہرممکنہ مدد اور تحفظ کیلئے تیار ہے ۔ انہوں نے خودسپردگی اختیار کرنے والے ماؤسٹوں کو ضروری سہولیات کو فراہمی کا یقین دلایا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ میں ماؤسٹوں کو یقین دلانے میں پولیس کامیاب رہی ۔ انہوں نے بتایا کہ دیوجی اور ان کی ٹیم نے چند سفارشات پیش کیں اور ان کی یکسوئی پر خودسپرد ہونے کا وعدہ کیا تھا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ریاستی سطح پر ہرممکنہ مدد اور تعاون کیا جائے گا ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ماؤسٹ سرکردہ قائد گناپتی کو خودسپردگی اختیار کرنے کا مشورہ دیا ۔ اس کے علاوہ روپوش سات سرکردہ ماؤیسٹ قائدین سے بھی درخواست کی کہ وہ خودسپردگی اختیار کرلیں ۔ ان خودسپرد اور سماجی دھارے میں شامل ماؤسٹوں کی بازآبادکاری کا امیت شاہ نے بھی حکم دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ماؤسٹوں کو ایوارڈ کے علاوہ خصوصی ہیلت کارڈ فراہم کئے جائیں گے ۔ کمانڈ کنٹرول میں منعقدہ پروگرام میں ماوسٹوں نے اپنے ہتھیار چیف منسٹر کے حوالے کرکے خودسپردگی اختیار کرلی ۔ کل 124 ماؤسٹوں نے جن میں دیوجی اور ان کے دست راست کے علاوہ دیوجی کی وفادار ٹیم پیپلز لیبریشن گوریلہ آرمی نے مکمل خودسپردگی اختیار کرلی اور اپنے ہتھیار جن میں 303-AK-47 ایس ایل آر انساس LMG اور انساس رائفل شامل تھے پولیس کے حوالے کردیا ۔ اس موقع پر ڈی جی پی شیودھر ریڈی و دیگر اعلیٰ عہدیدار موجود تھے ۔ع