تبریز انصاری قتل مقدمہ کیساتھ انصاف رسانی پرزور، تنظیم اسٹاف کا احتجاجی دھرنا
حیدرآباد۔19ستمبر(سیاست نیوز)ہجومی تشدد اور بھیڑ کے ہاتھوں مظلوم مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کی محاذی تنظیم انصاف کی جانب سے دھرنا چوک ‘ اندرا پارک پر ایک احتجاجی دھرنا منظم کیاگیا جس میںسینکڑوں کی تعداد میںشہری انصاف کے قائدین اور کارکنوں نے شرکت کی ۔ سابق رکن پارلیمنٹ راجیہ سبھا اور تنظیم انصاف کے قومی صدرجناب سید عزیز پاشاہ کے زیر قیادت منعقدہ اس احتجاجی دھرنے میں مظاہرین ہجومی تشدد بند کرو‘ کے علاوہ تبریز انصاری کے ساتھ انصاف رسانی کے نعروں پر مشتمل پلے کارڈس تھامے ہوئے تھے۔اس موقع پر جناب سید عزیز پاشاہ نے کہاکہ ملک میںچاروں طرف جنگل راج کاماحول ہے۔ شک او رشبہ میںمظلوم لوگوں کی جان لی جارہی ہے جس میں زیادہ تر مسلمان ہیں ۔ چند دن قبل جھارکھنڈ میںپیش آئے ہجومی تشدد کے واقعہ جس میں تبریز انصاری نام کے نوجوان کی موت واقع ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ افسوس تو اس بات کا ہے کہ حکومت اور پولیس بھی قاتلوں کو بچانے کی کوشش کررہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ تبریز انصاری کے قاتلوں پر پہلے تو قتل کامقدمہ درج کیاگیاتھا پھر بعد میں ڈاکٹروں کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے قتل کے دفعات ہٹالئے گئے مگر جھارکھنڈ پولیس کی اس کاروائی کے خلاف قومی سطح پر بڑھتی برہمی کے پیش نظردوبارہ قتل کے دفعات عائد کئے گئے ہیں۔عزیز پاشاہ نے کہاکہ جب تک مرکزی حکومت ہجومی تشدد کے خلاف سخت قوانین نہیںبناتی تب تک اس طرح کے واقعات کی روک تھام ممکن نہیںہے۔ انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ کی ہدایت کے باوجود ریاستی حکومتیںنہ تو ہجومی تشدد کے خلاف سخت قانون بنارہی ہیںاو رنہ ہی اس قسم کے واقعات کی روک تھام میںاپنی دلچسپی ظاہر کررہی ہیں۔