ہجومی تشدد میں ملوث کارکنوں سے ترک تعلق

,

   

آر ایس ایس کارکنوں کو انتباہ
ہم ہر قسم کے تشدد کے خلاف ۔ خواتین کو اپنا راستہ خود منتخب کرنا چاہئے
نئی دہلی ۔ 25 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے سربراہ موہن بھاگوت نے کہا ہیکہ ان کی تنظیم ہر قسم کے تشدد کی مخالف ہے اور اس کے کارکن ہجومی تشدد جیسے واقعات کو روکنے کیلئے کام کریں گے۔ موہن بھاگوت نے بیرونی ملکوں کے میڈیا اداروں کی نمائندگی کرنے والے 80 سے زائد جرنلسٹوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم ہر قسم کے تشدد کی مخالفت کرتے ہیں۔ سویم سیوک (آر ایس ایس کارکن) اس قسم کے (پرتشدد) واقعات کو روکنے کی کوشش کریں گے۔ اگر کوئی سویم سیوک (آر ایس ایس والنٹیر) تشدد کا مرتکب پایا جاتا ہے تو ہم اس سے بے تعلقی اور دوری اختیار کریں گے اور قانون کو اس کے خلاف اپنا کام کرنا چاہئے‘‘۔ بھاگوت سے ہجومی تشدد، جنونی افراد کی مارپیٹ میں بعض افراد کی ہلاکتوں کے واقعات کے بارے میں سوال کیا گیا تھا۔ بھاگوت نے کہا کہ خواتین بہ یک وقت بہ آسانی کئی ذمہ داریاں نبھاتی ہے چنانچہ مردوں کو ان پر اپنی مرضی مسلط نہیں کرنا چاہئے بلکہ انہیں (خواتین کو) خود اپنے بارے میں فیصلہ کرنے کا اختیار دیں کیونکہ وہ خود اپنا راستہ منتخب کرسکتی ہیں۔ آر ایس ایس سربراہ نے جموں و کشمیر کے خصوصی موقف سے متعلق دستوری آرٹیکل370 کی تنسیخ کے بارے میں ایک سوال پر جواب دیا کہ خصوصی موقف کی تنسیخ دراصل کشمیریوں کی ملک سے مزید اتحاد و یکجہتی کو یقینی بنائی ہے۔ کشمیریوں کو اپنی زمینات اور ملازمتوں سے محرومی کے غیرضروری اندیشوں پر خوفزدہ نہیں ہونا چاہئے۔