ممبئی ۔ 29 جون (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے کہا ہے کہ ہجومی تشدد کے واقعات کو سیاسی یا فرقہ وارانہ رنگ نہیں دیا جانا چاہئیے ۔ نقوی ممبئی حج ہاوز کی مرمت و آہک پاشی اور تجدیدکے بعد منعقد شدہ افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ’ہجوم کے ہاتھوں کسی شخص کی زدوکوب ایک مجرمانہ و فوجداری عمل ہے ۔ اس کو فرقہ وارانہ رنگ نہیں دیا جانا چاہئیے ۔ یہ ہر اعتبار سے انتہائی قابل مذمت ہے اور کسی کو بھی اس موضوع کو سیاسی رنگ نہیں دیا جانا چاہئیے ‘‘ ۔ جھارکھنڈ میں گزشتہ ہفتہ ایک 24 سالہ مسلم نوجوان تبریز کی ہجومی تشدد میں ہلاکت کے تناظر میں ان کے یہ تبصرے منظر عام پر آئے ہیں ۔ تبریز انصاری کو جھارکھنڈ کے سیرائی کھیلہ میں ایک ہجوم نے سرقہ کے شبہ میں پیٹ پیٹ کر ہلاک کردیا تھا۔ اس واقعہ سے متعلق ویڈیو میں اس شخص کو جئے شری رام اور جئے ہنومان کا نعرہ لگانے پر مجبور کیا جارہا تھا۔ نقوی نے کہا کہ اکثریتی ہندو برادری کے جذبہ رواداری و ہم آہنگی نے ہندوستان میں جمہوریت اور سیکولرازم کی بنیادوں کو بنایا اور مستحکم کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ’ تقسیم کے بعد ہندوستان دنیا کا سب سے بڑا سیکولر و جمہوری ملک بن گیا ۔