ہراج کے ذریعہ سرپنچوں کاانتخاب سنگین جرم

   

پہلے مرحلے کے 21 جنوری کو پنچایت انتخابات کے تمام انتظامات مکمل ‘ ریاستی الیکشن کمشنر ناگی ریڈی کا بیان

حیدرآباد ۔ 13؍ جنوری ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں پہلے مرحلے کے تحت 21؍ جنوری کو منعقد ہونے والے گرام پنچایت انتخابات کے لئے تمام تر انتظامات مکمل کرلیئے گئے ہیں ۔ تفصیلات کے باوجود انتخابات کے سلسلہ میں تعینات سرکاری ملازمین اپنی ڈیوٹی بحسن و خوبی انجام دے رہے ہیں اور انتخابی تیاریوں میں کسی بھی نوعیت کی کوتاہی نہیں برتی جا رہی ہے ۔ ریاستی الیکشن کمشنر تلنگانہ مسٹر ناگی ریڈی نے یہ بات کہی اور بتایا کہ ہراج کے ذریعہ گرام پنچایتوں کا متفقہ انتخاب کرنے کا طریقہ کار سنگین قانونی جرم ہے ۔ اس طرح کے واقعات کی اطلاعات پر سنگین کارروائی کرنے کا ریاستی الیکشن کمشنر نے سخت انتباہ دیا اور کہا کہ سنکرانتی تہوار کی تعطیلات کے باوجود سرکاری ملازمین کااپنے حقیقی جذبہ کے ساتھ پنچایت انتخابات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے خدمات انجام دیتے ہوئے اقدامات کرنا انتہائی قابل ستائش ہے ۔ مسٹر ناگی ریڈی جنہوں نے آج ضلع سوریہ پیٹ کا دورہ کرتے ہوئے گرام پنچایت انتخابات کے سلسلہ میں کئے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا تھا ۔ سوریہ پیٹ ٹاؤن میں واقع گیسٹ ہاوز میں پنچایت انتخابات کے انتظامات پر نوڈل عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس طلب کر کے تفصیلات سے واقفیت حاصل کی اور اجلاس میں ڈسٹرکٹ کلکٹر ضلع سوریہ پیٹ مسٹر امئے کمار ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس مسٹر وینکٹیشورلو ‘ ڈسٹرکٹ اسپیشل الیکشن آفیسر مسٹر چرنجیلو ‘و دیگر عہدیدار بھی شریک تھے ۔ بعدازاں مسٹر ناگی ریڈی نے چیویمولہ میں پنچایت انتخابات میں خدمات انجام دینے والے پریسائیڈنگ آفیسرس وغیرہ کے لئے منعقدہ ٹریننگ کلاسیس میں شرکت کی ۔ اور انتخابی ڈیوٹی انجام دینے والے عہدیداروں سے وقت کی پابندی کرنے اور پرامن انتخابات کو یقینی بنانے کی ضروری ہدایات دیں ۔

اور اس موقع پر اپنا اظہار خیال کرتے ہوئے ریاستی الیکشن کمشنر مسٹر ناگی ریڈی نے کہاکہ ریاست تلنگانہ کے مختلف مقامات پر پہلے مرحلہ کے تحت منعقد کئے جانے والے پنچایت انتخابات کے لئے تمام تر انتظامات تقریباً مکمل کر لیئے گئے ہیں اور مختلف مقامات پر انتخابی ڈیوٹی انجام دینے والے عہدیداروں و اسٹاف کے لئے ٹریننگ کلاسیس کا مرحلہ بھی مکمل کرلیا گیا ہے ۔ انہوں نے منڈل ڈیولپمنٹ آفیسر (ایم پی ڈی اوز) کو پنچایتوں کے ہراج کرنے کے طریقہ کار پر گہری نظر رکھنے کے ساتھ ساتھ مکمل معلومات رکھنے کی بھی ضروری ہدایات دیں ۔ انتخابی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کا انتباہ دیتے ہوئے کہاکہ اس مرتبہ گرام پنچایتوں کے انتخابات کے موقع پر بھی زیادہ سے زیادہ رائے دہی کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ مسٹر ناگی ریڈی نے ضلع کلکٹر اور اسپیشل الیکشن آفیسر کو بھی انتخابی فرائض کی انجام دہی کے معاملہ میں عہدیداروں پر گہری نظر رکھتے ہوئے انتخابات کو پرامن و شفاف بنانے پر اپنی اولین توجہ مرکوز کرنے کی ہدایات دیں ۔