کستوربا ویمنس کالج میں تقریب، سربراہ ویمن سیفٹی سواتی لکرا کا خطاب
حیدرآباد ۔25 جنوری (سیاست نیوز) ہراسانی اور ظلم و زیادتی کے خلاف لڑکیوں کو آگے آتے ہوئے پولیس میں شکایت کرنا چاہئے۔ ظلم و زیادتی کے خلاف مقابلہ کرتے ہوئے اپنے وجود کو منوانا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار ویمن سیفٹی شعبہ کی سربراہ محترمہ سواتی لکرا آئی پی ایس نے کیا۔ انہوں نے آج یہاں کستوربا ویمنس کالج میں منعقدہ تقریب کو مخاطب کیا۔ انہوں نے اس موقع پر ایک کتاب کا رسم اجراء انجام دیا۔ انہوں نے کہا کہ کالجس کے ماحول میں منچلے افراد اور ہراساں کرنے والے ذہنی اذیت کا سبب بننے والے افراد کے خلاف آواز اٹھانا ضروری ہے۔ انہوں نے طالبات کو تلقین کی کہ وہ اپنے اوپر ہورہے ظلم کو چپ چاپ برداشت نہ کریں بلکہ ڈائیل ’’100‘‘ پر شکایت کریں۔ ایسی طالبات جو شکایت کرنے پر اپنے نام اور کردار متاثر ہونے سے گھبراتی ہیں اور خوف کا شکار ہیں ایسی طالبات کو انہوں نے نام کو مکمل راز میں رکھنے کا بھروسہ دلایا اور کہا کہ شکایت کے بعد نام کو راز میں رکھتے ہوئے ساری ذمہ داری پولیس سنبھال لے گی۔ انہوں نے کہا کہ طالبات میں اعتماد کو بحال کرنے اور خوشگوار ماحول فراہم کرنے کیلئے کالجس میں طالبات کے ذریعہ کمیٹیاں قائم کی جارہی ہیں۔ انہوں نے طالبات کو مشورہ دیا کہ وہ لڑکیوں، طالبات اور خواتین کے تحفظ کیلئے کئے جارہے اقدامات سے مکمل آگہی حاصل کریں اور شی ٹیم، بھروسہ، ہاک آئی کے متعلق شعور بیدار کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہر گوشہ تک رسائی پولیس کیلئے ممکن نہیں ہے۔ لہٰذا اس کمی کو پورا کرنے کیلئے کالجس میں شی ٹیم والینٹرس کی کمیٹیاں قائم کی جارہی ہیں۔ اس موقع پر سرکاری گروپ ون عہدیدار شری ویلی کی جانب سے تیار کردہ ریڈیو سانگ کا بھی انہوں نے افتتاح انجام دیا۔ محترمہ سواتی لکرا نے بتایا کہ عوامی مقامات پر خواتین کیلئے پُرسکون اور خوشگوار ماحول کی فراہمی کیلئے خصوصی اقدامات کو انجام دیا جارہا ہے۔ ڈی جی پی مہندر ریڈی کی ہدایت کے مطابق خواتین، لڑکیوں اور کمسن لڑکیوں کے تحفظ اور ان کی آزادی کو یقینی بنانے کیلئے اور تحفظ فراہم کرنے کیلئے ’’پبلک سیفٹی کلبس‘‘ قائم کئے جائیں گے اور اس ضمن میں تجرباتی طور پر 5 بڑے کالجس میں ان پبلک سیفٹی کلبس کو قائم کیا گیا ہے جو خواتین میں شعور بیداری اور قوانین کے متعلق آگہی اور خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے پولیس کی مدد کریں گے۔