حیدرآباد۔/13 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) امریکہ منتقل ہونے کیلئے بیوی پر دباؤ ڈالنے اور اس کی موت کا سبب بننے والے شخص کو عدالت نے سات سال کی سزا سنائی ہے ۔ کوکٹ پلی کی ایک عدالت نے چندا نگر پولیس کے ایک کیس میں آج ملزم 31 سالہ سمہادری بالا کشور کو 7 سال کی سزا سنائی ہے۔ چندا نگر پولیس نے سال2015 کے ایک مقدمہ میں آج چارج شیٹ کو داخل کردیا۔ پیشہ سے سافٹ ویر ملازم شخص بالا کشور نے اپریل 2015 میں ایشا بائی نامی لڑکی سے شادی کی تھی اور اس کے مطالبہ کے مطابق ایشا بائی کے والدین نے 50 لاکھ روپئے نقد رقم جہیز کے طور پر دی تھی۔ شادی کے چند روز بعد سے بالا کشور نے بیوی کے ساتھ ہراسانی شروع کردی ۔ اس نے بیوی کو زائد جہیز کیلئے جسمانی اور ذہنی اذیت پہنچانا شروع کردیا اور زائد جہیز کیلئے دباؤ ڈالنے لگا یہ بات ایشا نے اپنے والدین کو بتائی تھی۔ جس پر والدین نے اس سے درخواست کی تھی کہ وہ 25 لاکھ روپئے چند روز میں ادا کردیں گے لیکن اس شخص کا مطالبہ مزید 50 لاکھ کا تھا۔ ایشا نے تنگ آکر جون 2015 میں خودکشی کرلی تھی۔ چندا نگر پولیس نے اس کیس میں آج چارج شیٹ کو داخل کردیا۔