حیدرآباد ۔ /15 جولائی (سیاست نیوز) ہربل ادویات کے کاروبار میں سرمایہ کاری کے بہانے دھوکہ دینے والے ایک بیرونی باشندے کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ 34 سالہ میسی دینو فراینک جو کورٹ ڈیوئیر ملک کا باشندہ ہے اور وہ سال 2018 ء میں بزنس ویزا پر حیدرآباد آیا تھا ۔ پہلے اس نے بیکری کا کاروبار شروع کیا اور مناسب آمدنی نہ ہونے پر اس نے ہربل ادویات اور دیگر پروڈاکٹس کا کاروبار برطانیہ میں کرنے کے بہانے کئی افراد سے 5 کروڑ روپئے حاصل کرلیا ۔ پولیس نے مزید کہا کہ مہدی پٹنم سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون نے مذکورہ دھوکہ باز کی باتوں میں آکر اس کے بینک کھاتے میں لاکھوں روپئے منتقل کئے اور رقم کی ادائیگی کے بعد کاروبار کے سلسلے میں مذکورہ شخص کے فون پر ربط پیدا کئے جانے پر اس کا موبائیل فون سوئچ آف تھا ۔ پولیس نے اس سلسلے میں مقدمہ درج کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا ۔
