لندن ۔29 اگست (ایجنسیز) آئی پی ایل کی تاریخ میں کئی بڑے تنازعات سامنے آئے لیکن دنیا کی سب سے بڑی لیگ میں ایک ایسا واقعہ پیش آیا تھا جس نے نہ صرف ہندوستانی کرکٹ شائقین بلکہ عالمی کرکٹ کو بھی چونکا دیا۔ ہربھجن سنگھ اور سری سنتھ کے درمیان تھپڑ مارنے کے واقعہ لیگ کا سب سے بڑا تنازعہ ہے۔ 2008 میں آئی پی ایل کے پہلے ہی سیزن میں ہربھجن سنگھ نے سری سنتھ کو تھپڑ مارا تھا۔ میچ ختم ہونے کے بعد ممبئی کی ٹیم میں شامل ہربھجن نے اچانک پنجاب کنگز کے کھلاڑی سری سنتھ کو تھپڑ رسیدکردیا اور دنیا حیران رہ گئی۔ اس واقعہ کی ویڈیو آج تک کسی نے نہیں دیکھی تھی لیکن اب آئی پی ایل کے سابق کمشنر للت مودی نے اسے جاری کردیا ہے۔ آسٹریلیا کے سابق کپتان مائیکل کلارک نے للت مودی کے ساتھ پوڈ کاسٹ کیا۔ للت مودی نے بیانڈ23 کرکٹ پوڈ کاسٹ میں بتایا کہ کس طرح ہربھجن نے سری سنتھ کو تھپڑ مارا تھا۔ للت مودی نے کہا میچ ختم ہوا، کیمرے بھی بند تھے، تاہم میرا سیکیورٹی کیمرہ آن تھا، اس دوران جوکچھ بھی ہوا، اس کی ویڈیو بنائی گئی۔ دونوں ٹیموں کے کھلاڑی ایک دوسرے سے مصافحہ کر رہے تھے، اسی دوران ہربھجن سنگھ ایس سری سنتھ کے پاس آئے اور ان کے پیچھے ہاتھ سے تھپڑ مارا، سری سنتھ کو ابتدائی چند سیکنڈ تک سمجھ نہیں آیا کیا ہوا، بعد میں ہربھجن سنگھ اور سری سنتھ کے درمیان ایک بار پھر جھگڑا ہوا اور میں نے پچھلے17 سالوں میں یہ ویڈیو شیئر نہیں کی تھی۔