اسلام آباد : پاکستان نے ہردوار میں دھرم سنسد میں ہندوتوا قائدین کی شرانگیزی ، اشتعال انگیزی اور مسلمانوں کے خلاف نفرت پر مبنی دھمکیوں پر احتجاج کیا ہے۔ وزارت خارجہ نے گزشتہ روز انڈین ہائی کمیشن کے سینئر ترین سفارت کار کو طلب کیا اور ہندوتوا قائدین کے قابل اعتراض تبصروں پر اپنی سخت تشویش سے واقف کرایا۔ پاکستان نے احتجاج درج کرایا کہ ہندوستان جیسے بڑے جمہوری ملک میں سب سے بڑی اقلیت مسلم برادری پر حملوں کی کھلے عام تقاریر کس طرح برداشت کی جاسکتی ہیں۔ ہندوستانی سفارت کار ایم سریش کمار کو پاکستانی عہدیداروں نے طلب کیا اور کہاکہ پاکستان کے احساسات سے حکومت ہند کو واقف کرایا جائے۔ پاکستانی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہاکہ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے خلاف زہرآلود تقاریر ہندوستان میں معمول بن چکی ہیں، اس پر روک لگانا چاہئے۔