ہردوار: اتراکھنڈ کے ہردوار سے وندنا کٹاریہ کے بعد شیام پور کی منیشا چوہان نے ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم میں جگہ بنائی ہے ۔ ٹیم میں اعلان کے بعد منیشا کے اہل خانہ کو مبارکباد دینے والوں کا ہجوم لگ گیا۔ منیشا کے والد فوج سے ریٹائرڈ ہیں اور منیشا نے حال ہی میں قومی سطح کے مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا جس کے بعد منیشا کو قومی ٹیم میں جگہ دی گئی۔ جلد ہی ہندوستانی خواتین کی ہاکی ٹیم ایف آئی ایچ پرو لیگ کھیلنے بلجیم اور انگلینڈ جائے گی۔منیشا کی پیدائش 1999میں شیام پور، ہردوار میں ہوئی تھی۔ منیشا کے والد گیان سنگھ بی ایس ایف میں خدمات انجام دیتے تھے اور حال ہی میں ریٹائر ہو کر گھر واپس آئے ۔ منیشا نے شری رام ودیا مندر، شیام پور میں پڑھتے ہوئے اسکول کیلئے ہاکی کھیلنا شروع کی۔ سی بی ایس ای کے زیر اہتمام مقابلہ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور بہترین کھلاڑی کا خطاب جیتا اور 2016 میں اس نے جونیئر خواتین کے قومی مقابلے میں اتراکھنڈ ٹیم کی کپتان کے طور پر حصہ لیا۔ منیشا 2018 میں نیشنل سینٹر آف ایکسی لینس دہلی کیلئے منتخب ہوئی۔ 2019 میں وہ کینیا اور بنگلہ دیش میں کھیلنے گئی۔ 2020میں آل انڈیا انٹر یونیورسٹی اور فرسٹ کھیلو انڈیا میں حصہ لیا۔ 2021 میں منیشا نے پہلی ہاکی انڈیا سینئر ویمن انٹر ڈپارٹمنٹ نیشنل چمپئن شپ میں کپتان اور بہترین مڈفیلڈر کا ایوارڈ جیتا تھا۔ منیشا نے حال ہی میں پونے میں منعقدہ 14 ویں ہاکی انڈیا سینئر ویمن نیشنل چمپئن شپ 2024 میں اپنی عمدہ کارکردگی کے ساتھ پلیئر آف دی میچ کا خطاب جیتا تھا۔ یوں منیشا نے ہاکی انڈیا کی سینئر ویمن نیشنل ٹیم میں جگہ بنائی۔