نیویارک : امریکہ کا کہنا ہیکہ جو بائیڈن انتظامیہ نے کئی موقعوں پر ہندوستانی حکومت کے ساتھ بات چیت کی ہے اور زور دیا ہیکہ وہ خالصتان تحریک کے رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کی تحقیقات میں کینیڈا کے ساتھ تعاون کرے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے نیوز بریفنگ میں صحافیوں کو بتایا کہ وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے گذشتہ ہفتہ واشنگٹن میں اپنے ہم منصب جے شنکر کیساتھ ملاقات میں یہ معاملہ اٹھایا تھا۔جیسا کہ انہوں نے اْس وقت واضح کیا تھا اور میں یہ دہراؤں گا کہ ہم اس معاملے پر اپنے کینیڈین ساتھیوں کے ساتھ بہت قریبی تعاون کر رہے ہیں۔‘
میتھیو ملر کا کہنا تھا کہ ’ہم نے متعدد موقعوں پر انڈین حکومت کے ساتھ بات چیت کی ہے کہ وہ تحقیقات میں کینیڈا کے ساتھ تعاون کرے۔‘اس سوال کے جواب میں کہ کیا انڈیا نے کینیڈا کے ساتھ تعاون پر رضامندی ظاہر کی ہے، ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ ’یہ جواب نئی دہلی کو دینا ہے۔ میں چاہوں گا انڈین حکومت اس حوالے سے خود جواب دے اور میں امریکہ کے حوالے سے بات کروں گا کہ ہم اس تعاون پر زور دیتے ہیں۔‘کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے گذشتہ ماہ ستمبر میں پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ کینیڈین انٹیلی جنس الزامات کا جائزہ لے رہی ہے۔