ابوظہبی : متحدہ عرب امارات نے بلوچستان میں جعفر ایکسپریس ٹرین پر دہشت گرد حملے کی مذمت کی ہے۔یو اے ای کی خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی جاتی ہے، جس کے نتیجہ میں درجنوں بے قصورافراد ہلاک اور زخمی ہوئے۔ایسی کارروائیاں بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے اور ان کا مقصد امن و امان کی صورت حال خراب کرنا اور عدم استحکام لانا ہے۔وزارت کی جانب سے پاکستانی حکومت، عوام اور واقعہ کے متاثرین اور ان کے خاندان والوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا گیا ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی گئی ہے۔اس سے قبل امریکہ، یورپی یونین بھی بلوچستان میں ٹرین پر حملے کی مذمت کر چکے ہیں۔ پاکستان میں امریکی سفارت خانے کی جانب سے ایکس پر کی گئی پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ ہم جعفر ایکسپریس ٹرین پر حملے اور مسافروں کو یرغمال بنانے کے عمل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔اس طرح پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر رینا کیونکا نے ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہم بلوچستان میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہیں اور متاثرین کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔