معاہدہ نہ ہوا تو تمام پاور پلانٹس، تیل کے کنوئوں،جزیرہ خارگ اور تمام ڈی سیلینیشن پلانٹس دھماکے سے اڑادینگے:ٹرمپ
واشنگٹن۔ 31 مارچ (ایجنسیز) امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنے معاونین کو مطلع کیا ہیکہ وہ ایران کے خلاف فوجی مہم ختم کرنے کیلئے تیار ہیں، خواہ آبنائے ہرمز کافی حد تک بند ہی کیوں نہ رہے اور اسے دوبارہ کھولنے کے پیچیدہ عمل کو بعد کے وقت تک مؤخر کر دیا جائے۔ روئٹرز نیوز ایجنسی ابھی تک اس رپورٹ کی تصدیق نہیں کرسکی جو اخبار نے امریکی انتظامیہ کے 3 حکام کے حوالے سے شائع کی ہے۔ایرانی سرکاری ٹیلی ویژن کے مطابق پیر کو ایک پارلیمانی کمیٹی نے تزویراتی اہمیت کی حامل آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں پر فیس عائد کرنے کے منصوبوں کی منظوری دی ہے۔ سرکاری ٹیلی ویژن نے پارلیمنٹ کی سکیورٹی کمیٹی کے ایک رکن کے حوالے سے بتایا کہ اس منصوبے میں دیگر امور کے علاوہ مالی انتظامات اور ریال میں فیس کی وصولی کے نظام اورایران کے حاکمانہ کردار کے نفاذ کے ساتھ ساتھ آبنائے کے دوسری جانب عمان کے ساتھ تعاون بھی شامل ہے۔ یہ بات فرانس پریس نیوز ایجنسی نے بتائی۔ اس میں امریکیوں اور صہیونی ریاست کے وہاں سے گزرنے پر پابندی کے ساتھ ساتھ ایران پر پابندیاں عائد کرنے والے دیگر ممالک کی جہاز رانی پر پابندی بھی شامل ہے۔ آبنائے ہرمز جو کہ ایک اہم بحری راستہ ہے جہاں سے عام طور پر عالمی تیل کی پیداوار کا تقریباً پانچواں حصہ گزرتا ہے، اس میں نیم مفلوج صورتحال کی وجہ سے ایندھن کی قیمتوں میں شدید اضافہ ہوا اور سپلائی چین متاثر ہوئی۔امریکی صدر نے پیر کو دھمکی دی تھی کہ اگر تہران نے آبنائے ہرمز کو دوبارہ نہ کھولا اور ان مذاکرات کا کوئی فوری نتیجہ نہ نکلا جنہیں انہوں نے سنجیدہ قرار دیا ہے، تو وہ ایران کیلئے انتہائی اسٹریٹجک اہمیت کے حامل جزیرہ خارگ کو مٹانے کیلئے تیار ہیں۔ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا نیٹ ورک ٹروتھ سوشل پر لکھا امریکہ ایران میں اپنی فوجی کارروائیاں ختم کرنے کیلئے ایک نئی اور زیادہ معقول حکومت کے ساتھ سنجیدہ مذاکرات کر رہا ہے۔ زبردست پیشرفت ہوئی ہے، لیکن اگر کسی بھی وجہ سے جلد کوئی معاہدہ طے نہ پایا… جس کا امکان ہے… اور اگر آبنائے ہرمز فوری طور پر نہ کھولی گئی، تو ہم ایران میں اپنی خوشگوار (موجودگی) کا اختتام تمام پاور پلانٹس، تیل کے کنوؤں اور جزیرہ خارگ (اور شاید تمام ڈی سیلینیشن پلانٹس!) کو دھماکے سے اڑانے اور مٹانے کے ساتھ کریں گے۔