نئی دہلی ۔ ہرمن پریت کور ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان اور موجودہ دورکی بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔ وہ اکثر اپنی تیز رفتار بیٹنگ کی وجہ سے خبروں میں رہتی ہیں لیکن آج کل وہ اپنے کھیل کے بجائے غلط رویہ کی وجہ سے سرخیوں میں رہتی ہیں۔ حال ہی میں ہرمن پریت پر دو میچوں کی پابندی لگائی گئی ہے۔ہرمن پریت کور بنگلہ دیش میں امپائر کے فیصلے سے ناراض ہوکر بیٹ سے وکٹوں کو مارا تھا جس کے بعد آئی سی سی نے ان کے خلاف کارروائی کی لیکن ہرمن پریت کی پریشانی یہیں ختم نہیں ہوئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق بی سی سی آئی کے صدر راجر بنی اور این سی اے چیف وی وی ایس لکشمن ہرمن پریت کور سے ملنے والے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بی سی سی آئی ہرمن پریت کور کے اس فعل سے ناراض ہے اور اسی لیے راجر بنی اور وی وی ایس لکشمن ان سے ملنے جا رہے ہیں۔ بنی اور لکشمن دونوں بنگلہ دیش میں ہونے والے واقعہ پر ہرمن پریت کور سے پوچھ گچھ کریں گے۔ خبر یہ بھی ہے کہ بی سی سی آئی آئی سی سی کی جانب سے ہرمن پریت پر لگائی گئی دو میچوں کی پابندی کے خلاف اپیل نہیں کرے گا۔ واضح رہے کہ ہرمن پریت کورکے رویے نے بی سی سی آئی کو مایوس کیا ہے۔