نئی دہلی۔7 مارچ (سیاست ڈاٹ کام )ہندستانی خاتون ٹی 20 کرکٹ ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کاورکے پاس سابق کپتانوں کپل دیو اور مہندر سنگھ دھونی کی صف میں شامل ہونے کا شاندار موقع ہے۔ ہرمن پریت کی کپتانی میں ہندوستانی خاتون ٹیم آسٹریلیا میں رواں ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچ چکی ہے۔ہرمن پریت اگر اتوارکو میلبورن میں ٹرافی اٹھانے میں کامیاب ہوتی ہے تو وہ کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے والی ہندوستان کی تیسری کپتان بن جائیں گی۔ کپل کی کپتانی میں ہندستانی مرد ٹیم نے سال 1983 میں ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر پہلی بار عالمی اعزاز جیتا تھا۔ 2007 میں ٹی 20 ورلڈ کپ میں دھونی کی کپتانی میں ہندوستان نے پاکستان کو شکست دے کر خطاب جیتا تھا۔ دھونی کی کپتانی میں ہی ہندوستان نے 2011 میں سری لنکا کو شکست دے کر 28 سال کے طویل وقفے کے بعد ونڈے ورلڈ کپ جیتا تھا۔ہندستانی خاتون ٹیم 2005 میں جنوبی افریقہ کے سینچورین میں ون ڈے ورلڈ کپ کے فائنل میں آسٹریلیا سے 98 رنز سے شکست سے دو چارہوئی تھی۔ اس وقت ہندوستان کی کپتان متھالی راج تھیں۔متھالی کی ہی کپتانی میں ہندوستانی ٹیم 2017 میں انگلینڈ میں ہوئے ونڈے ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچی تھی جہاں اسے انگلینڈ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔اسی ٹورنمنٹ کے سیمی فائنل میں ہندوستان نے ہرمن پریت کی ناٹ آوٹ 171 رنز کی طوفانی اننگز کے دم پر آسٹریلیاکو36 رنز سے شکست دی تھی۔ ہرمن سے فائنل میں ایک اور ایس اننگز کی امید ہے لیکن اس مرتبہ قومی کپتان کی موجودہ ٹورنمنٹ میں بیٹ کے لحاظ سے مایوس کن کارکردگی رہی ہے اور وہ چارمیچوں میں 2،8،1 اور 15 رنز بنا پائی ہیں۔ہندوستان پہلی بارخاتون ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچا ہے۔ جوکارنامہ متھالی 2005 اور 2017 میں نہیں کر پائی تھیں وہ کارنامہ ہرمن پریت کے پاس کر دکھانے کا موقع ہے۔
